فاٹا میں تعلیمی ایمرجنسی کے ثمرات آنا شرو ع ہوگئے ہیں،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 10 مئی 2018 18:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فاٹا میں تعلیمی ایمرجنسی کے ثمرات آنا شرو ع ہوگئے ہیںاور2017 میں فاٹا کے تعلیمی اداروں میں 1 لاکھ 43 ہزار طالب علموں نے داخلہ لیا جوکہ اس بات کی دلیل والدین اپنے بچوں کو پڑھاناچاہتے ہیں۔ وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیںفاٹا میں داخلہ مہم کے آغاز اور امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میںمنعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر یونیسف اور یواین ڈی پی کے نمائندے ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا، سیکرٹری سوشل سیکٹر فاٹا، ڈائریکٹرایجوکیشن فاٹا،ایڈیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن فاٹا ،بڑی تعدادمیں طلباء وطالبات ، ان کے والدین اور دیگرمتعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کامیاب مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے انہیں اپنی محنت جاری رکھناہوگی۔

انہوں نے کہاکہ فاٹامیں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے تاکہ یہ طلباء اور نوجوان نسل دنیا بھرمیں پاکستان کا نام اور بالخصوص فاٹا کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہاکہ فاٹا کی تمام ایجنسیوں اورایف آرز میں فاٹایونیورسٹی کے کیمپس کھولے جارہے ہیں جس پر کام تقریباٌ مکمل ہوچکاہے۔گورنرنے کہاکہ فاٹا کے تعلیمی اداروں میں یو این ڈی پی اور یونیسف کے تعاون سے امسال بھی داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز کیاجارہاہے جوکہ 31 مئی تک جاری رہے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ فاٹامیں شرح خواندگی 100فیصد تک بڑھائی جائے اور اس ضمن میں بہتر اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ بچوں کو نصابی کتب کی مفت فراہمی بروقت کی جائے۔ گورنرنے اس موقع پر کہاکہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی وخوشحالی کی ضامن ہے اور تعلیم سے محروم معاشرے ترقی یافتہ اقوام کے ساتھ مقابلے کی دوڑمیں پیچھے رہ جاتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خاص طور پر اس بات پر بھی زوردیا کہ پورے معاشرے کو مل کرنئی نسل کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیناہوگا۔ اس موقع پر گورنرنے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔دریں اثناء گورنرنے بچوں کے داخلہ فارم پُرکرکے فاٹاکے سکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ #

متعلقہ عنوان :