پیپلزپارٹی ملاکنڈ نے سوات پولیس میں نوکریاں نہ ملنے پر احتجاج کا اعلان کردیا

جمعرات 10 مئی 2018 18:00

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) پیپلز پارٹی ملاکنڈ نے سوات پولیس میں ملاکنڈ کے نوجوانوں کو نوکریاں نہ ملنے پر احتجاج کا اعلان کردیا ۔ پولیس میں ضلع ملاکنڈ کے لئے دس فیصد کوٹہ ہے لیکن اس کے باوجود یہاں کے نوجوانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے ۔ آئی جی خیبر پختونخواہ پولیس بھرتیوں میں ملاکنڈ کے نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کا نوٹس لیکر دس فیصد کوٹہ حق دلائیں ۔

ان خیالات کا اظہارسابق وفاقی وزیراور پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کونسل لعل محمد خان کے بیٹے ضلعی رہنماء اسد لعل خان نے پریس کلب آفس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی پی پی ملاکنڈ کے دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔

(جاری ہے)

اسد لعل خان نے کہا کہ ملاکنڈ کے منتخب ممبران اسمبلی نے ملاکنڈ کے نوجوانوں کے لئے کسی فورم پر آواز بلند نہیں کیا جو کہ شرم کی بات ہے کیونکہ سوات پولیس میں ضلع ملاکنڈ کے دس فیصدکوٹہ پر نوجوانوں کی بھرتی ملاکنڈ کاحق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں حالات کشیدہ تھے تو اُس وقت ضلع ملاکنڈ کے نوجوانوں نے مشکل حالات کا مقابلہ کیا تھا جبکہ سوات کے اپنے پولیس دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے علاقہ چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ آسد لعل خان نے کہا کہ ہم ضلع ملاکنڈ کے نوجوانوں کی حق تلفی نہیں ہونے دینگے اور اگر حکومت و متعلقہ حکام دس فیصد کوٹہ میں اضافہ نہیں کرسکتے تو کم از کم ملاکنڈ کے نوجوانوں کا دس فیصد کوٹہ تو بحال رکھا جائے بصورت دیگر نا انصافی اور حق تلفی کے خلاف بھر پور احتجاج کرینگے ۔