پریس فائونڈیشن صرف ان لوگوں کو سہولیات فراہم کرے گی جو اداروں کے ساتھ وابستہ ہوں گے، چیئرمین صداقت حسین راجہ

جمعرات مئی 18:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا ہے کہ پریس فائونڈیشن کی رکنیت معیار کے مطابق ہونا لازمی ہے ۔ فائونڈیشن صرف ان لوگوں کو سہولیات فراہم کرے گی جو اداروں کے ساتھ وابستہ ہوں گے اور اداروں کیلئے خدمات سرانجام دیتے ہوں گے ۔ کمرشل پلازوں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبہ جات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے تاکہ ممبران اور ان کے خاندان کو سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہو ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس فائونڈیشن دفتر کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین پریس فائونڈیشن کی دفتر آمد کے موقع پر وائس چیئرمین سردار ذوالفقار علی ، سیکرٹری فائونڈیشن راجہ اظہر اقبال ، اسسٹنٹ سیکرٹری سید بشارت حسین کاظمی اور ضیاء الرحمن نے ان کا استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صحافی سید آفاق حسین شاہ ، سردار دلپذیر عباسی ، سید غلام رضا کاظمی ، اشتیاق احمد آتش ، اختر حسین بخاری ، نصیر چوہدری و دیگر بھی موجود تھے ۔

چیئرمین کو بریفنگ کے دوران جملہ کام کاج اور زیر کار منصوبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔ جسٹس صداقت حسین راجہ نے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و سیکرٹری پریس فائونڈیشن راجہ اظہر اقبال کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی سے محکمہ اطلاعات اور پریس فائونڈیشن کا کردار نکھر کر سامنے آیا ہے ۔ سرکاری ملازمین اور آفیسران کو اپنا کام محنت اور دل جمعی سے کرنا چاہیے ۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ میڈیا ہائوسز سے فوری طور پر ان کے نمائندگان کی فہرست حاصل کر کے ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جائیں اور کمیٹیوں کی جلد از جلد تشکیل کی جائے تاکہ صحافیوں کی درخواستوں کو نمٹایا جا سکے ۔ علاوہ ازیں جملہ اقدامات کی ماہانہ رپورٹ دفتر چیئرمین کو ارسال کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :