چیئرمین سینیٹ فورم پالیسی ریسرچ کا انتخاب،سینیٹر طاہر حسین مشہدی منتخب

جمعرات 10 مئی 2018 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) چیئرمین سینیٹ فورم پالیسی ریسرچ کے انتخاب کے حوالہ سے سینیٹ فورم پالیسی ریسرچ کا اجلاس (پپس) ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے کانفرنس ہال میں ہوا۔ ایوان بالا میں قائد حزب اختلا ف سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹر کرنل (ر) سیّد طاہر حسین مشہدی کا نام چیئرمین فورم کے طور پر تجویز کیا۔

قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے تائید کی اور باقی تمام اراکین فورم نے نئے منتخب چیئرمین سینیٹ فورم پالیسی ریسرچ سینیٹر طاہر حسین مشہدی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سینئر تجربہ کار قانون دان اور قانون سازی میں خاصی مہارت رکھتے ہیں۔ سیکرٹری سینٹ فورم پالیسی ریسرچ ڈاکٹر سید پرویز عباس نے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے قیام کے غراض و مقاصد بارے اراکین کمیٹی کو تفصیلی آگا ہ کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ فورم پالیسی کے 16ممبران ہوتے ہیں جن میں سے 8نئے سینیٹرز اور 8ریٹائرڈ سینیٹرز شامل ہوتے ہیں اور اراکین سینٹ فورم پالیسی میں سے چیئرمین کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سینٹ فورم پالیسی ریسرچ کی مدت 3 کیلئے ہوتی ہے جبکہ چیئرمین فورم کا انتخاب ایک سال کے لیے ہوتا ہے۔ سینیٹرز کی نامزدگی چیئرمین سینٹ پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت کے بعد کرتے ہیں۔ یہ فورم سینٹ، چیئرمین سینٹ ، اراکین سینٹ اور سینٹ سیکرٹریٹ کو کسی بھی مسئلے پر ایڈوائز اور مد د فراہم کرتے ہیں۔ سینٹ کی کمیٹیوں کو بھی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ملک میں موسمی تغیرات ایک بڑا سنجیدہ مسئلہ ہوتا جا رہا ہے۔ لمز و دیگر متعلقہ اداروں کی مشاورت سے موسمی تغیرات کے حوالے سے پالیسی مرتب کی جائے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نئے سینیٹرز کی قانون سازی و سینٹ کے کام کرنے کے حوالے سے ایک تعارفی اجلاس بلایا جائے۔ کمیٹی کے اجلاس میں قائد ایوان سینٹ راجہ محمد ظفر الحق، قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمن، اعتزاز احسن، چوہدری شجاعت حسین، افراسیاب خٹک، الیاس احمد بلور، سحرکامران، فیصل جاوید، نزہت صادق، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، میر محمد نصیر مینگل اور محسن خان لغاری نے شرکت کی۔