وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان کی طالب علموں میں مفت کتب کی تقسیم

جمعرات 10 مئی 2018 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) بلدیہ شرقی میں تعلیم تک آسان رسائی کیلئے مفت کتب کی تقسیم کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان نے محکمہ تعلیم کے مرکزی دفتر جمشید روڈ میں طالب علموں کیلئے مفت کتب کی تقسیم کیلئے ڈائریکٹر ایجوکیشن شیرعلی ودیگر کے حوالے کیں اس موقع پر چئیرپرسن ایجوکیشن کمیٹی فرحت جہاں بھی موجود تھیں وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کو سہل بنانے کیلئے تعلیمی اخراجات کا بھاری خرچہ سرکاری سطح پر اٹھانے سے خواندگی کی شرح میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا بلدیاتی سطح پر کم وسائل کے باوجود بہترین تعلیمی سہولیات پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں مجموعی طور پر گلشن اقبال اور جمشید زون کے 57 اسکولوں کے سینکڑوں میٹرک تک کے طالب علموں میں مفت کتب کی تقسیم کی جارہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ بلدیہ شرقی کے اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہترین ہونے کے ساتھ والدین پر تعلیم کے اخراجات کا بوجھ نہ ہو، مفت کتب کی تقسیم میں چئیرپرسن ایجوکیشن کمیٹی فرحت جہاں، ڈائریکٹر ایجوکیشن شیرعلی اسکولوں کے سربراہان نے شرکت کی۔