این سی ایچ ڈی نے گذشتہ سال خواندگی پروگرام کے تحت ایک لاکھ 45 ہزار 761 طلباء کا داخلہ کیا

جمعرات 10 مئی 2018 19:09

اسلام آباد ۔ 10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) نے گذشتہ سال خواندگی پروگرام کے تحت ایک لاکھ 45 ہزار 761 طلباء کا داخلہ کیا۔ این سی ایچ ڈی کے آفیشل رائے ریاض حسین نے کہا کہ انسانی ترقی کے اشاریوں میں بہتری کیلئے ملک کے 91 اضلاع میں پی سی ون کے تحت 6 ہزار خواندگی سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

اس منصوبہ میں ملک کے چاروں صوبے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور فاٹا کے علاقے شامل ہیں۔ رائے ریاض حسین نے کہا کہ این سی ایچ ڈی پاکستان میں خواندگی کیلئے کام کرنے والا ایک بڑا ادارہ ہے جو کہ ملک میں خواندگی میں اضافہ کیلئے کام کر رہا ہے اور وژن 2025ء اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اس کا کردار اہم ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ کی کارکردگی پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 200 سٹاف ممبران کو تربیت دی گئی ہے تاکہ منصوبہ کو چلایا جا سکے جبکہ 600 مقامی سپروائزر کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو کہ 6 ہزار اساتذہ کی تربیت اور معاونت کریں گے۔ این سی ایچ ڈی کے قومی پروگرام کے کوآرڈینیٹر سیّد اکبر علی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پاکستان کو اس وقت ناخواندگی کے مسئلہ کا سامنا ہے، پاکستان میں 64 ملین افراد ناخواندہ ہیں، این سی ایچ ڈی 2025ء تک ملک میں شرح خواندگی کو 90 فیصد تک بڑھانے کیلئے کام کر رہا ہے۔