اسلامی تعاون تنظیم کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و تشدد کی شدید مذمت،مظالم کا نوٹس لے لیا

بھارت کشمیریوں کی پر امن آواز کو دبانے کے لیے سامراجی حربے آزمانا بند کرے ،عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے،بھارتی فورسز کاکشمیریوں پر جاری جبر و تشدد انسانی حقوق کے عالمی ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی ہے،بھارت انسانی حقوق کے حوالے سے ذمہ دار ملک نہیں ہے،او آئی سی

جمعرات 10 مئی 2018 19:55

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و تشدد کی شدید مذمت کی اور مظالم کا نوٹس لے لیا،بھارت کشمیریوں کی پر امن آواز کو دبانے کے لیے سامراجی حربے آزمانا بند کرے ،عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے،بھارتی فورسز کاکشمیریوں پر جاری جبر و تشدد انسانی حقوق کے عالمی ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی ہے،بھارت انسانی حقوق کے حوالے سے ذمہ دار ملک نہیں ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے انسانی حقوق کے آزاد مستقل کمیشن نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں پر جبر و تشدد کی شدید مذمت کی اور مظالم کا نوٹس لے لیا۔

(جاری ہے)

ا?ئی پی ایچ ا?ر سی نے جدہ سے جاری بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پر جاری جبر و تشدد انسانی حقوق کے عالمی ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی ہے جبکہ یہ عمل اس بات کابھی غماز ہے کہ بھارت انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن نے شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری خاص طور پر تنظیم کے رکن ملکوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔دریں اثناء بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلیے قتل عام میں خصوصی مہارت رکھنے والی بھارتی سیکیورٹی گارڈز بلیک کیٹ کمانڈوز کو مقبوضہ علاقے میں تعینات کرنے کی منظوری دیدی جب کہ کشمیر یونیورسٹی ، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سینٹرل کشمیر یونیورسٹی کے طلبا نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اتوار کوجنوبی کشمیرمیں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ایک اسسٹنٹ پروفیسر سمیت کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے خاص طور پر جنوبی اضلاع میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی پر امن آواز کو دبانے کے لیے سامراجی حربے آزمارہا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ وادی کو خون میں نہلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کا خون بالآخر ضرور رنگ لائے گا۔ادھر عدالت نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی کارکنوں کے ریمانڈ میں مذید 10دن کی توسیع کردی۔