کراچی کا دشمن کون ہے اور کون شہر کے حالات خراب کرنا چا ہتا ہے لوگ جان گئے ہیں، وسیم اختر

دو دن پہلے گلشن اقبال میںجو ہوا اس سے دونوں سیاسی جماعتوں کے چہرے عوام کے سامنے آگئے ہیں،ہم کراچی کو اون کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے،میئر کراچی

جمعرات 10 مئی 2018 20:52

کراچی کا دشمن کون ہے اور کون شہر کے حالات خراب کرنا چا ہتا ہے لوگ جان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بارہ مئی 2007کے کیس کا فیصلہ ہائیکورٹ دے چکا ہے، کراچی کا دشمن کون ہے اور کون اس شہر کے حالات خراب کرنا چا ہتا ہے کراچی کے لوگ جان گئے ہیں، کوئی سیاسی جماعت کراچی پر قبضہ کر لے گی یہ ان کی خام خیالی ہے ،دو دن پہلے گلشن اقبال میںجو ہوا اس سے دونوں سیاسی جماعتوں کے چہرے عوام کے سامنے آگئے ہیں،ہم کراچی کو اون کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، یہ بات انہوں نے ملیر 15- ، این ایچ 5سڑ ک کی تعمیر اور دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے معائنہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، یوسی چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندوں کے علاوہ افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے ملیر 15- کی مرکزی سڑک کی استرکاری اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ جون 2018تک سڑک کی تعمیر مکمل کرلیں گے جس سے مقامی آبادی اور اس اہم سڑک کو استعمال کرنے والے ہزاروں شہریوں کو سہولت ملے گی، انہوں نے کہا کہ ملیر 15- کے علاقے میں عوام کے دیرینہ مسائل حل کئے جا رہے ہیں جن میں سڑکوں کی استرکاری ، سیوریج نظام کی درستگی اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں تاکہ لوگوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں سہولت ملے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کون ان کے مسائل حل کرنے کے لئے سڑکوں پر موجود ہے اور کون صرف الزامات لگا رہا ہے ، آئندہ انتخابات میں سب کچھ سامنے آجائے گا، کراچی کے شہری باشعور ہیں اور انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ان کے مسائل کس طرح اور کن لوگوں کے ذریعے حل ہوں گے لہٰذا انہیں گمراہ نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھا رہی ہے اور جتنے بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں شہریوں کی فلاح و بہبود اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، کراچی شہر کے لئے مختص فنڈز صرف اور صرف کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے وقف ہیں اور ان تمام کاموں کو شفاف اور موثر طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ملیر 15- کے علاقے میں سڑک کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے شہریوں کو جن مشکلات کا سامنا تھا اس سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ہماری شروع سے ہی کوشش رہی ہے کہ ملیر 15- میں جاری ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل ہوں اس علاقے میں پانی و سیوریج کی لائن کی منتقلی کی وجہ سے بعض مسائل تھے جن کے حل ہوتے ہی سڑک کا تعمیراتی کام تیزی سے انجام دیا جا رہا ہے اور جلد ہی اسے مکمل کرکے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔

#