پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹرمیں عید کی خصوصی نشریات کی ریکارڈنگ کا کام شروع

جمعرات 10 مئی 2018 21:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹرمیں عید کی خصوصی نشریات کی ریکارڈنگ کا کام شروع ہو چکا ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ روز پروڈیوسرآغا قیصر عباس نے خصوصی بچوں کے لئے عید سپیشل "ہم سب ساتھ ساتھ ہیں " کی ریکارڈنگ کی ۔پروگرام کے آغاز میں جنرل منیجر لاہور سینٹر عبدالحمید قاضی نے کہا خصوصی بچے ہمارے معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن ہر خوشی کے موقع پر اپنے ان بچوں کو ہمیشہ یا د رکھتا ہے ۔

پروگرام کے میزبان ڈاکٹر خالد جمیل بھی خصوصی بچوں سے خاص محبت کرتے ہیں اور عرصہ اٹھارہ سال سے ان کے پروگرامز کی میزبانی سنبھالے ہوئے ہیں ۔ پروگرام میں گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ علامہ اقبال ٹائون لاہورکے خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

خصوصی بچوں کی حمد باری تعالیٰ "تیرے رنگ رنگ ۔ ۔ ۔ " پر شاندار ٹیبلو پرفارمنیس نے حاضرین سے دل کھول کر داد وصول کی اور حاضرین کافی دیر تک تالیاں بجاتے رہے ۔

اساتذہ نے خصوصی بچوں کو اتنی اچھی تیاری کروا رکھی تھی کہ کوئی تصور نہیں کر سکتا کہ ان بچوں میں کوئی کمی ہے ۔معروف سنگر خالد بیگ کے گیت نے بھی خوب داد وصول کی ۔خصوصی بچوںنے -"ہیر رانجھا" پر بھی ایک خوبصورت ٹیبلو پیش کیا اور بچوں کے درمیان سویاں کھانے کا مقابلہ بھی ہوا ۔پروگرام "ہم سب ساتھ ساتھ ہیں "میں مزاحیہ فنکاروں افتخار ٹھاکر، غفار لہری اورجاوید کوڈو نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے اور خوب داد وصول کی ،خصوصی بچے اپنے ان ہیروز کو اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئے ۔

پروگرام "ہم سب ساتھ ساتھ ہیں "کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں والدین کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ سپیشل ایجوکیشن آفیسر لاہور ڈویژن شہزاد ہارون بھٹہ، چیف کلک لوورز آف سپیشل چلڈرن شکیل فاروقی اور ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن سپیشل چلڈرن سیّد کاظم مقدس شاہ نے بھی اس پور ے پروگرام کی ریکارڈنگ میں موجود رہے ۔