Live Updates

کسی بھی فلاحی ریاست کی یہ بنیادی ذمہ دار ی ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے،صوبائی وزیر تعلیم و توانائی

جمعرات 10 مئی 2018 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کسی بھی فلاحی ریاست کی یہ بنیادی ذمہ دار ی ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ ان کو صحت ،تعلیم، روزگار اور دوسرے ضروری سہولیات فراہم کریں ، یہی پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے اور یہی ہماری پانچ سالہ کامیاب طرز حکمرانی کا راز بھی ہے ۔

وہ ثمر قند پار ہوتی مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے، جس سے ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان اور ضلعی کونسل کے اراکین شیر بہادر اور شاہد باچا نے بھی خطاب کیا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ جس وقت صوبے میں ہماری حکومت بنی ، سابقہ دور حکومت کی ناکام پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے صوبہ تباہ حالی کا شکار تھا ۔

(جاری ہے)

ادارے مکمل طور پر مفلوج کئے گئے تھے ، ہر چیز بکتا تھا اور حقدار کو اپنے حق کیلئے رشوت لینی پڑتی تھی آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صوبے میں امن قائم ہے ، ادارے ہر غریب کیسا تھ صحیح طریقے سے پیش آرہے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہورہے ہیں ۔

جتنے بھی تعمیراتی کام ہورہے ہیں ، سب میرٹ پر ہیں اور ان میں نہ تو کوئی رشوت ہے نہ کمیشن اور نہ ہی سفارش۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ بنیادی فرق ہے پاکستان تحریک انصاف کی پانچ سالہ دور حکومت کا اور دوسری تمام پارٹیوںکی حکومتوں کا ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور ماضی کی سیاستدانوں نے عوام کیلئے بہت کم جبکہ اپنی جیبوں کیلئے بہت کام کیا ہے ۔

اور ان کا اندازہ صرف اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ابھی تک صرف 3ہزار ڈاکٹرز تھے اور پاکستان تحریک انصاف نے صرف پانچ سالوں میں مزید 6ہزار بھرتی کرکے ان کی تعداد 9ہزار تک پہنچائی۔ جبکہ سابقہ دور حکومت کے پانچ سالوں میں صرف 7ہزار اساتذہ بھرتی ہوئے تھے، مگر ہم نے 40ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا اور مزید 17ہزار اساتذہ اور بھی بھرتی ہورہے ہیں ، یہی وہ فرق ہے ہماری حکومت اور سابقہ حکومتوں میں ۔

ہم نے عوام کی بنیاد ی سہولیات صحت اور تعلیم پر خرچ کیا جن کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیاب عوام دوست پالیسیوں ، عظیم لیڈر شپ اور پارٹی منشور کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام سے صرف ووٹ نہیں، مکمل سپورٹ چاہیے ، کیونکہ عمران خان ہمارے ساتھ کھڑا ہے ، وہ ہمیں انصاف اور اپنا حق دلانا چا ہتا ہے اور اس ملک خداد اد سے کرپشن ، رشوت اور چوروں کا خاتمہ چاہتا ہے اس لئے ہم سب نے عمران خان کو اس ملک کا وزیر اعظم بنانا ہوگا تاکہ ہمار ا آنیوالا کل روشن اور تابنا ک ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات