قرغستان پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، سفیر

تجار ت کی بہتری کیلئے قرغستان پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازے شروع کرے، نثار مرزا

جمعرات 10 مئی 2018 21:20

قرغستان پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے نائب صدر نثار احمد مرزا کی قیادت میں قرغستان سفارتخانے کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کے امور پر قرغستان کے سفیر جناب ارک بائیشمبائیو کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں چیمبر کے سابق نائب صدر مشرف جنجوعہ، عزت بخش اور وقاص جنجوعہ شامل تھے ۔

اس موقع پر چیمبر کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے قرغستان کے سفیر جناب ارک بائیشمبائیونے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو مزید بہتر کر نے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قرغستان اور پاکستان مشترکہ مذہب و روایات کے حامل ہیں جبکہ کئی عالمی امور پر دونوں کا نقطہ نظر ایک جیسا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت بھی باہمی اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرغستان پاکستان کے توانائی بحران کو حل کرنے میں بھی گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس مقصد کیلئے کاسا 1000منصوبے کی جلد تکمیل کا خواہاں ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور قرغستان کے درمیان باہمی تجارت کو ابھی تک اصل صلاحیت کے مطابق فروغ نہیں دیا گیا لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک دو طرفہ تجارت کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ ان مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نثار احمد مراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور قرغستان کے درمیان عمدہ سیاسی تعلقات پائے جاتے ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے دونوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ قرغستان پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے پر غور کرے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور قرغستان سنٹرل ایشیاء ریجنل اکنامک کوآپریشن تنظیم کے رکن ہیں لہذا وہ ٹرانسپورٹ، توانائی اور تجارت کو مزید بہتر کرنے کیلئے اس پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کریں تا کہ خطے سے غربت کو کم کیا جائے۔

نثار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان اور قرغستان متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں لہذا دونوں نجی شعبوں کے درمیاں مضبوط روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں تا کہ تاجر بردری ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست ملاقاتیں کر کے کاروباری شراکتیں قائم کرنے اور باہمی تعاون کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کر سکے۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک تجارت کو فروغ دینے والے اداروں کے درمیان بھی روابط کو بہتر کرنے کی کوشش کریں جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ادویات، آلات جراحی، ٹیکسٹائل مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور کٹلری سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات قرغستان کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا قرغستان پاکستان سے ان مصنوعات کو درآمد کرنے کی کوشش کرے۔ انہوںنے اس موقع پر قرغستان کے سفیر کو چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تا کہ وہ تاجر برادری کے ساتھ باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :