رمضان المبارک توبہ و استغفار، رحمت، بخشش و مغفرت، دعائوں کی قبولیت،اللہ کا خاص قرب حاصل کرنے اور نیکیوں کا موسم بہار ہے، مولانا فضل الرحمن خلیل

جمعرات 10 مئی 2018 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) رمضان المبارک توبہ و استغفار، رحمت، بخشش و مغفرت، دعائوں کی قبولیت،اللہ کا خاص قرب حاصل کرنے اور نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے رمضان المبارک امت محمدیہ ﷺ کو بخشنے کا ذریعہ ہے۔ لہٰذا ہمیں اس ماہ مبارک میں عبادت و ریاضت اورتوبہ و استغفار کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو راضی کرتے ہوئے اپنی بخشش اور مغفرت کا سامان کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔سربراہ انصار الامہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے سابقہ امتوں کی طرح امت محمدیہ ؐ پر بھی روزے فرض کیے تاکہ یہ امت تقویٰ اور پرہیز گاری حاصل کرے۔ یہ وہی مبارک مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب کم از کم ستر گنا بڑھا دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس مہینے میں امت محمدیہؐ کیلئے جہنم کے دروازے بند جبکہ جنت کے دروازے کھول کر دیئے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین کو بھی زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان امت کے لئے وحدت کا پیغام لے کر آتا ہے۔ہمیں چاہئے رمضان المبارک کی آمد سے قبل تمام ترلسانی، گروہی ،مسلکی ،فروعی اختلافات کو بھلا کر عہد کریں کہ نبی آخر الزماں ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے پر چل کر ، صحابہ کرام و اہلبیت رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سی تڑپ کو اپنے دلوں میں سلگا کر، قرآن کریم کو صرف پڑھنے ہی نہیں بلکہ حرف حرف میں ڈوب کر،آیات کو سمجھ کر اللہ رب العزت کے دیئے گئے احکامات پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔۔۔۔