وفاقی دارالحکومت کے بعد دیگر شہروں قصبوں میں بھی کتاب میلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، عرفان صدیقی

جمعرات 10 مئی 2018 21:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لیے وزیرا عظم کے مشیر عرفان صدیقی نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں پچھلے ماہ قومی کتاب میلے کے بعد دیگر شہروں اور قصبوں میں کتاب میلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس سلسلے کا اگلا کتاب میلہ آج 11 مئی کو فیصل آباد آرٹس کونسل ہال میں منعقد ہورہا ہے جو 12 مئی کی شام کو اختتام پذیر ہوگا۔

یہ بات انہوں نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگوکرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہاکہ کتاب کا فروغ ایک مقدس مشن ہے جس کے لیے یہ ڈویژن مسلسل کوشش کرتا رہے گا۔ اس سے قبل منعقدہ اجلاس میں فیصل آباد کتاب میلے کے حوالے سے مختلف انتظامی معاملات پر غور کیاگیا اور میلے کے دونوں دنوں کے لیے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے اس کتاب میلے میں پہلے روز کتاب خوانی کی مجلس صدارت میں ڈاکٹر انور محمود خالد، محمد افسر ساجد، ڈاکٹر افضال احمد انور اور شفقت اللہ مشتاق شامل ہیں جبکہ 12مئی کی مجلسِ صدارت میں ڈاکٹر ریاض مجید، علامہ ضیاء حسین ضیاء، ڈاکٹر خرم الطاف اور میاں آفتاب احمد شامل ہیں۔ نامور افسانہ نگار طاہرہ اقبال کے ناول ’’نیلی بار‘‘ کی تقریب رونمائی 11مئی کو ڈاکٹر نورین عزیز قریشی کی صدارت میں ہوگی۔

اس کے علاوہ مذاکرہ بہ عنوان’’کتاب کلچر کے فروغ کے جدید طریقے‘‘ ،’’لکی بُک ڈرا‘‘ آفاق کے زیر اہتمام ’’ذہنی آزمائش کا مقابلہ‘‘ اور بیکن اسکول کے تحت’’بچوں کی اسٹیج پرفارمنس‘‘ کے نام سے بھی پروگرام شامل ہیں۔واضح رہے کہ دو روزہ کتاب میلے کی افتتاحی تقریب میں ’’کتاب ترانہ‘‘اورکتاب پرچم کی پرچم کشائی متوقع ہے۔ افتتاحی سیشن میں تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب عرفان صدیقی خطاب کریں گے۔

ایم ڈی این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاوید استقبالیہ کلمات اور ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل محترمہ صوفیہ بیدار تعارفی کلمات ادا کریں گی۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر انور محمود خالد، ڈاکٹر نورین عزیز قریشی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ظفر اور پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھی اظہارِ خیال کریں گے۔ مہمانِ خصوصی فیتہ کاٹ کر کتاب میلے کا افتتاح کریں گے اور بُک اسٹالز کا معائنہ کریں گے۔۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :