کراچی، وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے شعبہ تحفیظ کے 73020 طلبہ و طالبات کا مکمل نتیجہ جاری کردیا

تمام صوبوں سمیت اسلام آباد،آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے سترہ ہزار سے زائد مدارس کے 59819 طلبہ اور 13201 طالبات نے حفظ قرآن مجید کے امتحان میں شرکت کی تھی،مرکزی ناظم مولانا عبدالمجید

جمعرات 10 مئی 2018 21:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے شعبہ تحفیظ کے 73020 طلبہ و طالبات کا مکمل نتیجہ جاری کردیا ہے۔مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید نے تفصیلات بتاتے ہوہے کہا تمام صوبوں سمیت اسلام آباد،آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے سترہ ہزار سے زائد مدارس کے 59819 طلبہ اور 13201 طالبات نے حفظ قرآن مجید کے امتحان میں شرکت کی تھی،مجموعی طور پہ 49854 طلبہ و طالبات نے درجہ ممتاز (اے ون گریڈ) درجہ جیدجدا (اے گریڈ) 12664،درجہ جید (بی گریڈ) 2450 اور درجہ مقبول (سی گریڈ) میں 591 میں کامیابی حاصل کی،جبکہ 2748 طلبہ و طالبات ناکام،4388 غیر حاضر اور 325 کا نتیجہ کالعدم ہوا، کامیابی کا مجموعی تناسب 95 فیصد سے زیادہ رہا،مولانا عبدالمجید کے مطابق یہ مجموعی طور پہ گزشتہ سالوں کی نسبت سے یہ ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،صوبائی میڈیا کوارڈینٹر مولانا طلحہ رحمانی نے اس موقع پہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ کے 18468 طلبہ و طالبات میں کامیابی کا تناسب بھی 95/فیصد سے زائد رہا،جس میں 12143 نے ممتاز،3580 نے جیدجدا،798 نے جید،153 نے مقبول درجات میں کامیابی حاصل کی ہے،724 ناکام،989 غیر حاضر اور 81 کا نتیجہ کالعدم ہوا ہے،وفاق کے میڈیا کوارڈینٹر کے مطابق نتائج مدارس کو ارسال کردیے گئے ہیں،جبکہ آن لائن انفرادی نتائج کے لیے ادارہ کے الحاق نمبر کے ذریعہ وفاق المدارس کی آفیشل ویپ سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں تحفیظ کے نتائج آن لائن اور بذریعہ ڈاک ارسال کرنے کا عمل دس دن سے بتدریج جاری تھا جو الحمدللہ اب مکمل اعداد و شمار کے ساتھ موجود ہے،دریں اثناء وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری،نائب صدور،مرکزی اراکین عاملہ و امتحانی کمیٹی اور صوبائی ناظمین نے کامیاب ھونے والے طلبہ و طالبات سمیت تمام مدارس کے منتظمین کو بھی مبارکباد دی،انہوں نے اپنے پیغام میں وفاق کے تمام مسیلین و منتظمین اور دفتری عملہ کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے انتھک محنت سے جلد نتائج کا مرحلہ مکمل کیا،صدر و ناظم اعلی نے درجات کتب کے نتائج کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیتے ہوئے جلد اعلان کا بھی بتایا۔

(جاری ہے)

صوبائی میڈیا کوارڈینٹر مولانا طلحہ رحمانی نے شعبہ تحفیظ کے مکمل امتحانی عمل میں ذرئع ابلاغ و میڈیا گروپس اور وفاق میڈیا سیل سے وابستہ افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے امتحانی سینٹرز کے دوروں سمیت فوری و بروقت رپورٹنگ اور جائزہ بھی پیش کرتے رہے۔#