Live Updates

سندھ کی حکمراں جماعت سے لے کر بلدیاتی حکمران جماعت ، سب پر عمران خان کی مقبولیت کا خوف طاری ہے،رہنماء تحریک انصاف کراچی

بارہ مئی کو ہونے والا جلسہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہوگا،مخالفین دیکھیں گے کس طرح پورا شہر امڈ کرجلسے میں آئے گا ،اہم اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 مئی 2018 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے عہدیداران و کارکنان کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی حکمراں جماعت سے لے کر بلدیاتی حکمران جماعت تک سب پر عمران خان کی مقبولیت کا خوف طاری ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اِس وقت پیپلز پارٹی اور متحدہ کے رہنمائوں کے اعصاب پر چھائے ہوئے ہیں اور یہ لوگ شدید خوفزدہ ہیں۔ ہم ڈی ایم سی سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی کی ہدایت پر ضلع وسطی سے تحریک انصاف کے بینرز اور جھنڈے اتارنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کو بھی دیگر سیاسی پارٹیوں کی طرح عوام الناس تک اپنی آواز پہنچانے کا حق حاصل ہے۔

ریحان ہاشمی نے ایک سیاسی جماعت کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ یہ سیاسی پارٹیاں اس لئے خوف زدہ ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ کراچی عمران خان کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔مخالفین کھمبوں سے بینرز اور جھنڈے تو ہٹا سکتے ہیں لیکن عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو ختم نہیں کر سکتے۔بارہ مئی کو ہونے والا جلسہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہوگا۔

مخالفین دیکھیں گے کہ کس طرح پورا شہر امڈ کرجلسے میں آئے گا۔بارہ مئی کو جن دہشت گرد جماعتوں نے عمران خان کو کراچی والوں کے پاس آنے سے روکا تھا وہ دیکھیں گی کہ اسی دن پورا کراچی عمران خان کے پاس جمع ہوگا۔ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے ہاتھ بارہ مئی کے شہداء کے خون سے رنگے ہیں۔انہیں معلوم ہے کہ کراچی کے رہنے والے اپنے ہی ہم وطنوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی سمیت پورے سندھ اور پورے پاکستان میں کلین سویپ کرے گی اور مخالفین منہ دیکھتے رہ جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات