سپریم کورٹ انتخابی نظام میں اصلاحات کے لئے اقدام کرے ، آفتاب لودھی

الیکشن کمیشن انتخابات پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری روکنے میں ناکام رہا ہے،صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) چیئرمین پاکستان عوامی تحریک ِانقلا ب پروفیسر آفتاب لودھی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی نظام میں اصلاحات کے لئے اقدامات کریں۔گزشتہ روز صحافیوں سی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری روکنے میں ناکام رہا ہے۔پیسہ مافیا،وڈیرے اور پیشہ ور سیاستدان انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں اور پانچ سال کے لئے قوم کی تقدیر پر مسلط ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ انتخابات میں پیسے کے عمل دخل کو روکنے کیلئے عملی اقدام کریں اور عام انتخابات سپریم کورٹ کی نگرانی میں کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہیکہ جس میں اقتدار میں رہنے والے پشت در پشت اپنی اولادوں کو سیاسی وارث بناتے چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات پر کروڑوں روپی خرچ کرنے والے قومی خزانے کو ذاتی جاگیرسمجھ کر اپنی املاک بڑھاتے رہتے ہیں اور دائمی اقتدار حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کے بغیر یہی وڈیرے ہمیشہ اقتدار پر قابض رہیں گیاور عوام غربت و استحصال کاشکار رہیں گے۔پروفیسر آفتاب لودھی نے چیف جسٹس کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنوں میں وہ اقدامات کئے ہیں جو حکومت برسوں میں نہیں کر سکی۔انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات کیلئے کردار ادا نہ کیا تو ملک دائمی طور پر کرپشن مافیا کے شکنجوں میں گرفتار رہے گا اور قومی سیاست میں کبھی مخلص قیادت ابھر نہ سکے گی۔