سرگودھا،شہر میںآتش گیر مادہ کی سرعام فروخت جاری

تھانہ سٹی پولیس خاموش تماشائی ‘ کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ، آر پی او اور ڈی پی او فوری نوٹس لیں‘ شہریوں کا مطالبہ

جمعرات 10 مئی 2018 21:53

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) شہر میںآتش گیر مادہ کی سرعام فروخت جاری ‘ تھانہ سٹی پولیس خاموش تماشائی ‘ کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ‘ آر پی او اور ڈی پی او فوری نوٹس لیں‘ شہریوں کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدودگولچوک کے قریب واقع دکانوں میں گولے پٹاخے والوں نے سرعام فروخت جاری رکھی ہوئی ہے جس سے ایک طرف شہریوں کا جینا حرام ہو چکا ہے تو دوسری طرف آتش گیرمادہ کی وجہ سے کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے ۔

آر پی او سرگودھا ڈاکٹر اختر عباس اور ڈی پی او سرگودھا سہیل چوہدری کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ گولے ‘ پٹاخے اور آتش گیرہ مادہ رکھنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے لیکن پولیس کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں محمد سہیل‘ رضوان کاشف‘ چوہدری یاسر نے کہا کہ گولے پٹاخے والوں نے شہر کے وسط میں دکانیں بنائی ہوئی ہیں جو سرعام فروخت کر رہے ہیں ۔

پولیس نے اس سے قبل کارروائی کی لیکن بااثر عبدالرشید طور وغیرہ گولے پٹاخوں کی فروخت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بااثر افراد پولیس کو کارروائی سے روکنے کیلئے آئے روز افسران کو درخواستیں دیکر پولیس کو الجھائے رکھتے ہیں اور اپنا دھندہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔پولیس اہلکار درخواستوں کے باعث ان افراد کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔۔ شہریوں نے آر پی او ڈاکٹر اختر عباس اور ڈی پی او سرگودھا سہیل چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ آتش گیر مواد فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر کے مصروف علاقہ کسی قیامت صغری کا شکار نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :