کراچی، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ایک شخص جاں بحق ، 6 زخمی

جمعرات 10 مئی 2018 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) کراچی کے علاقے صدر کی امپریس مارکیٹ میں اینٹی انکروچمنٹ لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں اینٹی انکروچمنٹ لینڈ ڈیپارٹمنٹ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔اس دوران ایمپریس مارکیٹ میں پتھاروں کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔

جو کہ بعدازاں تصادم میں بدل گئی۔جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاسکا اور اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد مشتعل افراد پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا،مظاہرین نے سرکاری گاڑیوں کے شیشے توڑ دئے، مظاہرین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے دوران خاتون اسسٹنٹ کمشنر بھی زخمی ہوگئیں۔

(جاری ہے)

جبکہ مشتعل مظاہرین نے جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش سڑک پر رکھ احتجاج شروع کردیا۔جس سے صدر سمیت قریبی مرکزی راستوں پر ٹریفک جام ہوگیا، حالات قابو سے باہر ہونے پر رینجرز کو طلب کیا گیا۔رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کے متعلق تحقیقات کررہے ہیں اور اگر اس کی ہلاکت میں پولیس اہلکار ملوث ہوئے تو کاروائی کی جائے گی۔#