معاشرے میں سیاسی معاشی اور انتظامی اصلاحات کا مرکز و محور عوام کی فلاح و بہبود ہی میں مضمر ہے،محمد خان اچکزئی

سماجی بہبود کی تمام کاوشوں اور سرگرمیوں کی ہر سطح پر منظم اور فعال بنایاجائے ،گورنر بلوچستان کاسیمینار سے خطاب

جمعرات 10 مئی 2018 22:19

معاشرے میں سیاسی معاشی اور انتظامی اصلاحات کا مرکز و محور عوام کی فلاح ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ معاشرے میں سیاسی معاشی اور انتظامی اصلاحات کا مرکز و محور عوام کی فلاح و بہبود ہی میں مضمر ہے اس ضمن میں سماجی بہبود کی تمام کاوشوں اور سرگرمیوں کی ہر سطح پر منظم اور فعال بنایاجائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دل جان فاؤنڈیشن اور کچلاک ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر گورنر نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیاا ور کہا کہ دور افتادہ علاقوںاور دیہاتوںکے لوگ شہر وںمیں میڈیکل ، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنی خدمات اپنے ہی علاقوں میں سرانجام دینے میں گریزاں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جو ایک لمحہ فکریہ ہے گورنر نے کہا کہ آج بھی سماجی بہبود کے میدان میں مزید کام کرنے کی گنجائش موجود ہے او رکئی شعبے سے ایسے ہیں جن میں سماجی و بہبود کے اداروں اور کارکنوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم موجودہ صوبائی حکومت صوبے بھر کے عوام بالخصوص دور افتادہ علاقوں کے عوام کو تعلیم صحت اور صاف پانی کی فراہمی اور سماجی بہبود کی دوسری سہولتیں پہنچانے کیلئے پر عزم ہے تاکہ دیہات میں بسنے والے لوگ بھی ملک و صوبے کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

گورنر نے کہا کہ جمہوریت کی روح اختلاف رائے کو برداشت کرنے میں پوشیدہ ہے اخوت ، رواداری اور جمہوری اقدار سے سرشار ہوکر ہی ضرورت مند افراد کی بہترین خدمت کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بلوچستان کی بیشتر آبادی دیہاتوں میں آباد ہے اور ان تک بنیادی سہولیات پہنچاناخاصہ مشکل کام ہے ۔ انہوںنے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کریں ۔

انہوںنے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ نجی سطح پر بھی کئی ایسے ادارے موجود ہیں جو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھر پور کردار ادار کررہے ہیں جس کی بہترین مثال بلوچستان ایجو کیشن فاؤنڈیشن ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں سینکڑوں نئے اسکول تعمیر کرکے تعلیم کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ انہوںنے فلاحی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بی آئی ایس پی اور وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کوکامیاب بنانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں اور رجسٹریشن میں مستحق اورنا دار لوگوں کی نشاندہی کرنے میں تعاون کریں۔

سیمینار سے کچلاک ویلفیئر سوسائٹی کے سربراہ ملک رشید کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر بلوچستان صوبے میں ایک ایسی نامور اور بابغہ روزگار شخصیت کے فرزند ہیں جن کے احسانات علم و ادب سیاست اورتاریخ کے شعبے میں اس خطے کے عوام فراموش نہیں کرسکتے ۔ انہوںنے کہا کہ خان عبدالصمد خان اچکزئی اور عبدالعلی کاکڑ نے صوبے اور اس کے عوام کی زندگی میں بہتری لانے اور ان کے حقوق کے حصول کی جدو جہد میںمثالی اور حیات بخش قربانیاں دی ہیں ۔ اس موقع پر دل جان فاؤنڈیشن کے سربراہ اور سابق آئی جی پولیس دلی جان نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ آخر میں سماجی خدمت گاروں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔