پاکستان کی افغانستان میں ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر دہشتگرانہ حملے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت

مقبوضہ کشمیر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس بند ہیں ،ْبھارت کبھی کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتا ،ْ عالمی برادری مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ،ْعلی گڑھ یونیورسٹی کے میوزیم سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹانا بھارت میں بڑھتی عدم برداشت کی عکاس ہے ،ْاقوام متحدہ کا عمرخالد خراسانی کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں نہ ڈالنا دہرا معیار ہے ،ْ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 10 مئی 2018 22:19

پاکستان کی افغانستان میں ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر دہشتگرانہ حملے اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان نے افغانستان میں ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر دہشتگرانہ حملے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس بند ہیں ،ْبھارت کبھی کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتا ،ْ عالمی برادری مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ،ْعلی گڑھ یونیورسٹی کے میوزیم سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹانا بھارت میں بڑھتی عدم برداشت کی عکاس ہے ،ْاقوام متحدہ کا عمرخالد خراسانی کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں نہ ڈالنا دہرا معیار ہے ۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جاسکا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ایسے اقدامات بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، مسئلہ کشمیرکا حل کشمیریوں کے حق خودارادیت سے ہی ممکن ہے۔

انہوںنے کہاکہ 6مئی کو ڈھاکہ میں او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس ہوئی جس کے اجلاس میں متفقہ طور پر جموں و کشمیر کے تنازع سے متعلق پانچ قرارداد منظور کی گئیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ قرارداد میں جموں و کشمیر تنازع، پاک بھارت امن مذاکرات، بھارت میں مذہبی مقامات کا تحفظ ، او آئی سی کے غیر جانبدار ہیومن رائٹس کمیشن کا قیام اور متنازع علاقوں یا ملک میں او آئی سی اور مسلم کمیونٹی کے مابین اقتصادی تعاون پر مشتمل تھیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں ووٹر رجسٹریشن سینٹر میں دہشت گردوں کے حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ واقعہ پر افغانستان حکومت ،عوام اور حملے میں مرنے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ،ْبیان میں زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے گھنائونے حملے میں افغانستان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کا اعادہ کرتا ہے اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کمیٹی نے کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں ڈالنے کی پاکستان کی تجویز مسترد کر کے دہشت گردی کے خلاف دہرے معیار کا مظاہرہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار پر پابندی عائد کی گئی تاہم تنظیم کے سربراہ پر بھی عالمی پابندی لگائی جانی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے خالد خراسانی کو دہشت گرد قرار دینے کی پاکستان کی تجویز مسترد ہونے پر مایوسی ہوئی، فی الحال ہمیں کمیٹی نے اپنے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ عمر خالد خراسانی کے ہاتھ کئی پاکستانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اقوام متحدہ کی پابندی لگانے والی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف ہماری قربانیوں کو پیش نظر نہیں رکھا اور دہرے معیار کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان نے کہا عمر خالد خراسانی کا معاملہ دوبارہ اٹھایا جائے گا تاہم اس حوالے سے فی الحال تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ علی گڑھ یونیورسٹی کے میوزیم سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹانا بھارت میں بڑھتی عدم برداشت کی عکاس ہے، ہمیں پتہ چلا ہے کہ سرسید احمد خان کی تصویر بھی ہٹا کر ان کی جگہ نریندر مودی کی تصویر لگادی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی تصویر پاکستان کے میوزیم میں آویزاں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق مہاجرین کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوتی اور پاکستان میں جو افغان مہاجرین ہیں وہ بھی اسی قانون کے تابع ہیں