نااہل سیاسی جماعتیں سازشوں کے ذریعے مسلم لیگ ن کو پاکستان کی سیاست سے باہر نہیں کر سکتیں،چوہدری محمد برجیس طاہر

پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کا سفر سی پیک منصوبوں کی صورت میں تیزی سے جاری ہے،بیان

جمعرات 10 مئی 2018 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کو کھنڈرات اور صوبہ خیبر پختونخوا کو نااہل طرز حکومت کی مثال بناننے والے سیاست دان اور سیاسی جماعتیں سازشوں کے ذریعے مسلم لیگ ن کو پاکستان کی سیاست سے باہر نہیں کر سکتے،اہوں نے کہا کہ مخالفین کی تمام تر کوششوں کے باوجود مسلم لیگ ن ہی آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کا سفر پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض میں رہنے والے عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور جب تک پاکستان کے یہ بیس کروڑ عوام نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں کوئی بھی مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کو نقصان نہیں پہنچاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام پر عزم انداز سے مسلم لیگ ن اور اس کے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور محمد نواز شریف کی ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کا ساتھ دینے کا عزم کیے ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام میں یہ مقام اپنے دور اقتدار میں عوام کی بے لوث خدمت کے ذریعے کیا ہے جہاں انہوں نے پہلے پاکستان کو دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنایا اور اب پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کا سفر سی پیک منصوبوں کی صورت میں تیزی سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ آج ایسے محب وطن پاکستانی کو ایک جانبدانہ احتساب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور نواز شریف پر آئے روز جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔

چودہری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ مسلم لیگ ن بیس کروڑ پاکستانی عوام کی مدد سے ان تمام تر حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اورعام انتخابات میں نواز شریف کا بیانیہ اور وژن ایک ایک گھرتک پہنچایا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں انتہائی مضبوط ہیں اور اس کو ڈرانے ، دھمکانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہوں گی اور انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک میں جاری ترقی اور خوشحالی کے سفر کو اور بھی تیز کیا جائے گا۔