ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت

جمعرات 10 مئی 2018 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ نجیب الله نے قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں کوضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اجلاس میں پوری تیاری کے ساتھ آئیں اور محکمے صرف فیصلوں کے مجا ز افسران بھیجیں۔ انہوں نے اجلاس سے بلا عذر غیر حاضر افسران سے جواب طلبی کی بھی ہدایت کی ۔

یہ ہدایات انہوں نے کوہاٹ میں ضلعی اے ڈی پی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ فنانس اینڈ پلاننگ آفیسر واحد رحمان خٹک اور قومی تعمیر نو کے محکموں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں/16 5 201اور 2016/17کے ضلعی اے ڈی پی کا سیکٹر وائز تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ 2015/16کے تقریباًتمام منصوبے مکمل ہیں جبکہ 2016/17پر بھی کام تیزکردیا گیا اور انہیں بروقت مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سرکاری حکام پر واضح کیا کہ محکمہ فنانس اینڈ پلاننگ کی جانب سے فنڈز کے اجراء میں معمولی سی تاخیر بھی نہیں ہوگی اور فنڈز کے اجراء کے بعد محکموں کی جانب سے تاخیر یا غفلت کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ تمام منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہو گی اور معیار برقرار نہ رکھنے پر متعلقہ محکمے کے حکام اور ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی ہوگی ۔صاحبزادہ نجیب الله نے کہا کہ منصوبوں کی بر وقت تکمیل پر ہی صوبائی محکمہ خزانہ مزید فنڈز جاری کرتا ہے لہذا منصوبوں پر کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے محکمہ فنانس اینڈ پلانگ کو بھی ہدایت کی کہ وہ جائزہ اجلاس کی کارروائی منظم کرے اوردیگر تمام محکمے بھی باہمی روابط کو موثر بنائیں ۔