Live Updates

لیگی قیادت کیخلاف مفروضوں پر کی جانے والی تحقیقات سے اداروں کی بدنامی ہو رہی ہے ، مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن

اتنا عرصہ ٹرائل کے باوجود کچھ نہیںملا،نہ ہی جھوٹے الزامات لگانیوالوں کیخلاف کوئی کارروائی کی گئی، حاجی شاہجہان،نورخان اخوندزادہ

جمعرات 10 مئی 2018 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہان، جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ ، لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہناز اخترنے کہا ہے کہ ن لیگی قیادت کیخلاف مفروضوں پر کی جانے والی تحقیقات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،اس سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں اورادارے خود ہی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں،اتنا عرصہ ٹرائل کرنے کے باوجود کچھ نہیںملا،نہ ہی جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے، بلاتفریق اور شفاف احتساب پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کو نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے اور عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو روکنے کے گریٹر پلان پر کام کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنمائوں نے کہاکہ ،زرداری ہائوس اوربنی گالا ہم نوالہ،ہم پیالہ ہیں۔ خان صاحب خود کہہ چکے ہیں کہ سینٹ کے الیکشن میںانہیں40کروڑ روپے کی آفر ہوئی،وہ دو پاکستان کی بجائے ایک پاکستان بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن وہ کوئی ایک مثال اور اقدام تو ایسا بتائیں جو انہوں نے ایک پاکستان بنانے کے حوالے سے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 70کروڑ روپے کی لاگت سے احتساب کا ادارہ بنایا جو آج بھی بند ہے اوراس ادارے میں کرپشن پر کسی ایک کو بھی ادارے نے سزا نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ نیب کی جانب سے ایک طرف کرپٹ افراد کے کیسز بند کیے جارہے ہیں تو دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے خلاف پھرتیاں دکھائی جارہی ہیں جو عوام کو بخوبی سمجھ میں آرہی ہیں ۔ نیب کی غیر ضروری پھرتیاں حکومت کو مفلوج کرنے کا باعث ہیں ۔

نیب آئینی اور خود مختار ادارہ ہے ۔اس کا کام بلاتفریق کرپشن میں ملوث افراد کا احتساب کرنا ہے لیکن عوام یہ بات بخوبی سمجھ رہے ہیں کہ احتساب کے قومی ادارے کو مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نیب کی جانب سے سے مسلم لیگ (ن) کو ہدف بنانا پرل پول دھاندلی کے مترادف ہے ۔نیب احتساب ضرور کرے لیکن اس میں انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ نیازی صاحب نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگانے کا جھوٹ بولا اوروہ دن رات جھوٹ بول رہے ہیں۔الزام تراشی اورجھوٹ بولنا عمران نیازی کا معمول بن چکا ہے۔2018ئ کے انتخابات میں قوم اس کا انہیں جواب دے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات