تعلیم نسواں کے بغیر دنیامیں وقار اور عزت کے ساتھ جینے کا تصور بھی محال ہے ، میاں مجتبیٰ شجاع

جمعرات 10 مئی 2018 22:27

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز و ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں ہونے والی ترقی کی دوسرے صوبے مثالیں دیتے ہیں، پنجاب میں نئے کالجزاور دانش سکولز جیسے جدید تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا گیا ہے ، دھرنے والوں کا ماضی قوم کے سامنے ہے انہیں انتشار اور الزام تراشی کی سیاست سے نہ پہلے فرصت ملی ہے نہ مستقبل میں ملے گی، پاکستانی عوام زرداری کا دور بھی بھگت چکے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا پاکستان کی ہر سیاسی پارٹی کو چیلنج ہے کہ کسی نے ہماری پارٹی سے زیادہ کام کیا ہے تو سامنے آئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین کوٹ خواجہ سعید کے سالانہ کانووکیشن میں طالبات کو ڈگریاں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نسپل تسنیم فاروق بھی موجود تھیں، صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ تعلیم نسواں کے بغیر اقوام عالم میں وقار ، عزت اور برابری کی بنیاد پر جینے کا تصور بھی محال ہے ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کو سماجی ترقی اور خوشحالی کا بنیادی زینہ سمجھتی ہے اسی لئے پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق و توقیر کو یقینی بنانے کیلئے متعدد قوانین پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے ہیں، کھیل، تعلیم اور ملازمتوں کے مواقع سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی نمائندگی میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ، لڑکیوں کے تعلیمی اداروں میں سپورٹس سمیت ہر قسم کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ نے لڑکیوں میں اعتماد کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور سلیقہ پیدا کیا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت معاشرے میں ہر قسم کے صنفی امتیاز کیخلاف اقدامات اٹھا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ خواتین کے حصہ ڈالے بغیر کوئی قوم آگے بڑھنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی ، وزیر اعلی پنجاب نے تعلیم سمیت ہر شعبے میں میرٹ اورصرف میرٹ کو رواج دیا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ آج غریبوں کے ہونہار بچے اور بچیاں بھی تعلیم اور کھیلوں میںمساوی مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس مائینڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ خواتین کا کردار محض گھروں کے اندر ہی ہے حقیقت یہ ہے کہ خواتین نے ہر قسم کے حالات اور ماحول میں ہمیشہ ثابت قدمی سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور مردوں کے شانہ بشانہ قومی ترقی میں نمایاں حصہ لیا ہے ، تقریب سے کالج پرنسپل نے بھی خطاب کیا۔