الطاف حسن قریشی کی کتاب ’’جنگ ستمبرکی یادیں‘‘ کی تقریب رونمائی میں جسٹس (ر) فقیر محمد

کھوکھر،ڈاکٹر مہرین جاوید، رئوف طاہر اورقیوم نظامی کا اظہار خیال

جمعرات مئی 22:34

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) پاکستان کومسائل سے نکالنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے‘ جس جذبے کے تحت 1965ء کی جنگ جیتی‘ اسی جذبے کے تحت ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں‘پاکستانی قوم بحرانوں سے نکلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے‘ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘ پاکستانی پر جب بھی کوئی کڑا وقت آیا‘قوم نے بھرپور اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کیا‘ 1965ء کی جنگ میں طاقت کے نشے میں چور دشمن کا عزم خاک میں ملانے والی پاکستانی قوم دشمن کیخلاف آج بھی اتنی ہی متحد ہے جتنی 1965ء کی جنگ میں تھی‘ آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور دشمن کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے الطاف حسن قریشی کی کتاب ’’جنگ ستمبر کی یادیں‘‘ کی تقریب رونمائی کے موقع پرکیا۔

(جاری ہے)

کتاب کے مصنف الطاف حسن قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والی قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں کیونکہ پوری قوم اور نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی کی کمی نہیں‘ہم نسل در نسل دشمن کا مقابلہ کرتے آئے ہیں اوروسائل کی کمی کے باوجود دشمن کو ناکوں چنے بھی چبوائے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستانی قوم میں 1965ء کی جنگ میں جو جذبہ دیکھا‘ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ جب تک یہ قوم متحد ہے‘ دنیا کی کوئی طاقت اس کو نقصان نہیں پہنچا سکتی‘ تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھرتھے جبکہ پروفیسرڈاکٹر مہرین جاوید‘ دلاور چوہدری‘رئوف طاہراور قیوم نظامی کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کیا‘ الطاف حسن قریشی کی کتاب کو نوجوان نسل کیلئے ایک گرانقدر خزانہ قرار دیتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر نے کہا کہ اس کتاب کو پڑھ کربالکل ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے خود اپنی آنکھوں سے اس جنگ کو دیکھ رہاہوں‘ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب نوجوان نسل میںجذبہ حب الوطنی پیدا کرنے کیلئے ایک گرانقدر خزانہ ہے‘ نوجوان نسل خصوصاً تاریخ کے نوجوان اس کتاب کو پڑھ کر ملکی اورعلاقائی حالات سے بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں‘ دیگرمقررین نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کتاب سے قوم میں یکجہتی اور اتحاد کوفروغ دینے میں بھرپورمددملے گی۔

متعلقہ عنوان :