ڈویژن کے تمام پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے

جمعرات 10 مئی 2018 22:35

ملتان۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ڈویژن کے تمام پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ تمام پولنگ سٹیشنز کو اے پلس، اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کر کے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹ اور پولنگ سٹیشن پر مطلوب تمام سہولیات بارے رپورٹ بنا کر جمع کروائی جائے۔

تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او دفاتر میں الیکشن کے مرحلے کو مانیٹر کرنے کے لئے کنٹرول روم بنائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے جنرل الیکشن 2018کے حوالے سے پولنگ سٹیشن پر درکار سہولیات بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان نے ہدایات جاری کیں کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی لسٹوں والے سکولوں میں بائونڈری وال، واش رومز، کمرے اور دیگر سہولیات کی مرمت فوری مکمل کی جائے جبکہ سہولیات کی عدم موجودگی بارے بھی جامع رپورٹ مرتب کی جائے۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر ملتان محمد ادریس احمد نے کہا کہ پورے ڈویژن میں پولنگ سٹیشن کی کیٹگری بارے ایک فارمولے کو فالو کیا جائے۔ تمام کیٹگری کے پولنگ سٹیشنوں کے باہر پولیس کی نفری تعینات کی جائے جبکہ اے پلس اور اے کیٹگری میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت بنائے جائیں۔ آر پی او ملتان نے کہا کہ نائٹ وژن والے اینڈرائیڈ فون تمام فیلڈ پر موجود ڈیوٹی افسران کو مہیا کرنے بارے بھی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو تجویز دی جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے بتایا کہ تمام پولنگ سٹیشنوں میں عدم سہولیات بارے رپورٹ بنائی جارہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور دیگر سہولیات بارے بھی تخمینہ لگایا جاچکا ہے۔سٹی پولیس آفیسر سرفراز فلکی نے کہا کہ ایسے تمام حساس پولنگ سٹیشن کو اے پلس کیٹگری میں رکھا گیا ہے جس میں ماضی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آچکا ہو۔

حسا سیت کے حوالے سے پولنگ سٹیشنوں کی کیٹگری بنائی جاچکی ہے اور ان پر لگائے جانے والے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹ اور تعینات کی جانے والی نفری کا پلان بنالیا گیا ہے۔بعد ازاں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے اپنے اپنے اضلاع بارے ویڈیو لنک پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ایس ایس پی سپیشل برانچ چوہدری شریف ظفر، اسسٹنٹ کمشنر مسعود احمد بخاری، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شکیل احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔