پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے سالانہ فرسٹ ایئر نتائج میں جنرل ہسپتال کی پہلی پوزیشن

جمعرات مئی 22:35

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول لاہور جنرل ہسپتال کی فرسٹ ایئر کلاس کے شاندار نتائج پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ٹیم ورک قرار دیا اور صوبائی دارلحکومت کے تمام تعلیمی اداروں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ادارے کے پرنسپل ڈاکٹر وقاص وڑائچ اور کوارڈینیٹر سکول جنید طارق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ایج جی ایچ کا اعزاز ہے بلکہ طلبا ء و طالبات کیلئے بھی فخر کی بات ہے، پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں انہی سٹوڈنٹس نے آگے چل کر کلیدی کردار ادا کرنا ہے، لہذا انہیں زیادہ سے زیادہ میڈیکل ایجوکیشن سے آگاہی حاصل کرنا چاہئے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لازوال مشن میں ان نوجوانوں کی شمولیت بلا شبہ اعزاز کی بات ہے ،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی جنرل ہسپتال اسی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے سالانہ فرسٹ ائیر نتائج میں جنرل ہسپتال نے 96فیصد کامیابی کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، ان نتائج میں پبلک ہیلتھ ٹیکنالوجی ، رینل ڈائیلاسز ٹیکنالوجی ، فزیوتھراپی ، آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی ، ریڈیو امیجنگ اور میڈیکل لیب ٹیکنالوجی کے شعبے شامل تھے ، ہسپتال انتظامیہ نے اس کامیابی پر سٹوڈنٹس کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی محنت کے ساتھ ادارے کا نام روشن کرنے کے علاوہ اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریںگے ۔