سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے بجٹ میں آئندہ مالی سال کیلئے 9.598 بلین روپے رکھنے کی تجویز دے رہے ہیں، سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن صوبہ کے پسماندہ علاقوں کے لئے تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کر رہی ہے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سندھ بجٹ اجلاس 2018-19ء میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے حوالے سے تقریر

جمعرات 10 مئی 2018 22:41

سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے بجٹ میں آئندہ مالی سال کیلئے 9.598 بلین روپے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ بجٹ اجلاس 2018-19ء میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے حوالے سے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن صوبہ کے پسماندہ علاقوں کے لئے تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کر رہی ہے، فائونڈیشن سندھ میں تقریباً 555,943 طالب علموں کو 2314 اسکولوں میں انفرادی اور تنظیمی طور پر نجی شعبہ کے تعاون سے مضبوط پارٹنر شپ کے ذریعے خدمات انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن گذشتہ تین سال سے کامیابی کے ساتھ پوسٹ پرائمری ایجوکیشن سیکٹر پر کام کر رہی ہے، تعلیم سے قاصر 10000 سے 53058 طالب علموں کو تعلیم بالغاں کے تحت مواقع فراہم کئے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد 10 سے 17 سال کی عمر کے بچوں اور 18 سے 35 سال کے بالغان کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے، ہم نے سندھ حکومت اور سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں نصاب کی ترتیب دے کر ایک نیا قدم اٹھایا ہے، سندھ حکومت چاہتی ہے کہ محکمہ تعلیم و سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت چلنے والے اسکولز میں زیر تعلیم طلبا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعلق نصاب سے منسلک ہوجائیں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ عبوری حکومت کو ان اقدام اور پروگرام پر عمل درآمد کرنے کے لئے سفارش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے بجٹ میں آئندہ مالی سال کیلئے 9.598 بلین روپے رکھنے کی تجویز دے رہے ہیں جبکہ رواں مالی سال 2017-18ء میں 8.085 بلین روپے رکھے گئے تھے۔