سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19ء کی جاری 48 اسکیموں کے لئے کالج ایجوکیشن کے لئے 5000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، 12 نئے کالج حیدرآباد، کورنگی، ملیر، ضلع غربی کراچی، عمر کوٹ، سکھر، جامشورو، شکار پور اور جیکب آباد کے اضلاع میں ایک ایک جبکہ ضلع سانگھڑ میں 2 نئے کالج قائم کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی بجٹ تقریر

جمعرات مئی 22:41

سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19ء کی جاری 48 اسکیموں کے لئے کالج ایجوکیشن ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ بجٹ اجلاس 2018-19ء میں کالج ایجوکیشن کے حوالے سے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19ء کی جاری 48 اسکیموں کے لئے کالج ایجوکیشن کے لئے 5000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، 12 نئے کالج حیدرآباد، کورنگی، ملیر، ضلع غربی کراچی،، عمر کوٹ، سکھر، جامشورو، شکار پور اور جیکب آباد کے اضلاع میں ایک ایک جبکہ ضلع سانگھڑ میں 2 نئے کالج قائم کئے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سکھر میں لاء کالج اور نو شہرو فیروز، سکھر، جیکب آباد اور عمر کوٹ میں 5 آئی بی اے کمیونٹی کالج قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے اندر موجودہ کالجز میں تعمیراتی بحالی، مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حیدر آباد، میر پور خاص، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ اور کراچی میں ڈگری کالجز میں نیا فرنیچر فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی، تھرپارکر، ککر (دادو)، کرم پور (کشمور کندھ کوٹ)، خیر پور، بدین، جیکب آباد میں لڑکوں کے لئے 7 نئے کیڈٹ کالج اور لاڑکانہ میں لڑکیوں کے لئے کیڈٹ کالج قائم کیا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے خصوصی تعلیم کے حوالے سے کہا کہ خصوصی تعلیم میں مجموعی طور پر 1117.253 ملین روپے مختص کئے ہیں جس میں سے ترقیاتی شعبے کے لئے 213 ملین اور غیر ترقیاتی شعبے میں 904.253 ملین روپے رواں مالی سال 2017-18ء میں رکھے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لئے 1241 ملین روپے مختص کئے جا رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ خصوصی تعلیم میں حاصل کئے گئے اہداف میں آٹزم بحالی اور تربیت کا مرکز قائم کیا گیا جوایک بڑا سنگ میل ہے اور یہ خصوصی بچوں کی ضروریات کو پورا کرے گا، گلستان جوہر میں آڈیو ویژول لائبریری کا قیام بھی ایک بڑا سنگ میل ہے، تعلقہ کی سطح پر اسپیشل ایجوکیشن مراکز کا قیام جو بہتر طریقے سے خصوصی بچوں کی ضروریات کو پورا کریں گے جبکہ 21 نئے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سروس سینٹرز کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ امید ہے کہ رواں مالی سال 2017-18ء کے اختتام سے قبل 12 مراکز کی تزئین و آرائش مکمل کر لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :