سیاسی کریڈٹ کے حصول کی لالچ میں نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے قبل از وقت افتتاح نے کئی سنگین مسائل کو جنم دے دیا

وفاقی دارالحکومت کے نئے تعمیر شدہ ائیرپورٹ میں عوام کو اب بھی کئی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، انتظامیہ نے عوام کو ائیرپورٹ پہنچنے کیلئے پرواز سے 5 گھنٹے قبل گھر سے نکلنے کی تلقین کردی

muhammad ali محمد علی جمعرات 10 مئی 2018 20:18

سیاسی کریڈٹ کے حصول کی لالچ میں نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے قبل از وقت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کی انتظامیہ نے عوام کو ائیرپورٹ پہنچنے کیلئے پرواز سے 5 گھنٹے قبل گھر سے نکلنے کی تلقین کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 سال کے انتظار کے بعد نئے ائیرپورٹ کے افتتاح کر دیا گیا تھا۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا افتتاح وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا۔

ائیرپورٹ اسلام آباد کے علاقے فتح جھنگ میں تعمیر کیا گیا ہے جس پر 100 ارب روپے کے قریب کی لاگت آئی ہے۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کو گزشتہ برس اگست میں ہی فعال کردیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اعلان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا۔ اس کے بعد کئی مرتبہ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا افتتاح موخر کیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم بالآخر گزشتہ ہفتے ائیرپورٹ کا افتتاح کر ہی دیا گیا۔

نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کو پاکستان کا جدید ترین اور سب سے بڑا ائیرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم افتتاح کے بعد ائیرپورٹ کے حوالے سے کئی سنگین مسائل سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چونکہ موجودہ حکومت ختم ہونے میں محض چند ہفتے باقی ہیں، اس لیے وفاقی حکومت نے سیاسی کریڈٹ کے حصول کی لالچ اور جلد بازی میں منصوبے کا افتتاح کردیا۔ سیاسی کریڈٹ کے حصول کی لالچ میں نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے قبل از وقت افتتاح نے کئی سنگین مسائل کو جنم دے دیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے نئے تعمیر شدہ ائیرپورٹ میں عوام کو اب بھی کئی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کیلئے تعمیر کی جانے والی میٹرو بس بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ نیا تعمیر شدہ ائیرپورٹ اسلام آباد شہر کے مرکز سے کافی دوری پر واقع ہے۔ اسی باعث لوگوں کو سفری سہولیات کی غیر موجودگی کے باعث اسلام آباد ائیرپورٹ تک پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

اس تمام صورتحال میں ائیرپورٹ کی انتظامیہ نے بھی انوکھا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ ائیرپورٹ انتظامیہ نے عوام کو ائیرپورٹ پہنچنے کیلئے پرواز سے 5 گھنٹے قبل گھر سے نکلنے کی تلقین کردی ہے۔ عوام کو تلقین کی گئی ہے وہ اپنی پرواز کی روانگی یا آمد سے 5 گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی کوشش کریں۔ دوسری جانب ائیرپورٹ کی طرف جانے والی سڑک بھی ناکافی قرار دی گئی ہے۔ ائیرپورٹ کی طرف جانے والی سڑک پر کئی کئی گھنٹے ٹریفک بلاک رہنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ اس تمام صورتحال میں عوام شدید سیخ پا دکھائی دیتی ہے اور حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ائیرپورٹ سے متعلق تمام سہولیات ابھی فراہم نہیں کی جا سکتی تھیں تو پھر ایسے میں ائیرپورٹ کا افتتاح کیوں کیا گیا۔