Live Updates

صوابی سے قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا

حکومت کے آخری دنوں میں لوگ حکمران جماعت سے بھاگتے ہیں جبکہ آج یہاں اور پورے ملک میں لوگ پی ٹی آئی جائن کررہے ہیں،پرویزخٹک

جمعرات 10 مئی 2018 22:45

صوابی سے قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت ..
․پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) تورڈھیر صوابی سے قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم خان نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک کی موجودگی میں ایک بڑے جلسے میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔جلسے سے وزیراعلی پرویز خٹک، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر، سینئر وزیر صحت شہرام خان ترکئی اور نئے شامل ہونے والے ایم پی اے عبدالکریم، تحصیل لاہور کے ناظم سہیل خان نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعلی نے عبدالکریم خان کا پی ٹی آئی میں خیرمقدم کیا اور کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بدولت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 2013میں تباہ حال صوبہ ملا، سکول موجود تھے مگر سہولتیں اور استاد نہیں تھے ہسپتال ، ادویات اور ڈاکٹرز نہیں تھے۔

(جاری ہے)

سابقہ حکومتوں نے غریب کے بچوں کو معیاری تعلیم سے محروم رکھا۔

ہم نے تعلیم کا بجٹ 60ارب سے بڑھاکر 137 ارب سے زیادہ کیا 57 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے آخری دنوں میں لوگ حکمران جماعت سے بھاگتے ہیں جبکہ آج یہاں اور پورے ملک میں لوگ پی ٹی آئی جائن کررہے ہیں۔سیاسی جماعتوں نے پولیس اور تعلیم کو سیاسی مداخلت سے تباہ کیا تھا جبکہ ہم نے پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا۔ہم عمران خان کے نعرے دو نہیں ایک پاکستان پر کام کررہے ہیں جہاں غریب اور امیر کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہو۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بہت آگے نکل چکی ہے یہ صرف ایماندار قیادت کی وجہ سے ممکن ہے کیونکہ انہوں نے میرٹ اور انصاف کا نظام دیا پاکستان میں مخلص قیادت آئی تو یہ ملک سب سے آگے بڑھ سکتا ہے عمران خان وزیر اعظم بنے تو باہر موجود سرمایہ کار اور ٹیلنٹ ملک میں واپس آنے کے لیے تیار ہوگا۔انہوں نے کہاکہ دنیا کے ملک دس بیس سال میں کہاں سے کہاں پہنچ گئے اور ہم لوٹ کھسوٹ کے نظام میں پھنسے ہوئے ہیں عوام ووٹ لینے کیلئے آنے والوں سے پوچھیں کہ آپ نے کیوں ہماری پولیس اور تعلیم کو تباہ کیا۔

بہت ہوچکا اب اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے ایماندار قیادت عمران خان کی شکل میں موجود ہے ۔اس کا ساتھ دینا ہوگا۔میں خود مایوس ہوچکا تھا مگر عمران خان اور آپ نوجوانوں کا نعرہ سنا تو وزارت چھوڑدی اور عمران خان کے ساتھ شامل ہوا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانو آپ کا اور اس ملک کا مستقبل پی ٹی آئی سے وابستہ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات