نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں بھاری جرمانے

جمعرات 10 مئی 2018 22:48

راولپنڈی10مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا ٹریفک کی روانی کومزید بہتر بنانے اور شہریوں کو منظم ٹریفک سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر شاہرائوں پر کی گئی غلط پارکنگ اور نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف گزشتہ ماہ کے دوران گرینڈ آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ٹریفک پولیس کے لفٹرز نے غلط پارکنگ کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی عمل میں لائی اور 08ہزار05سو37 غلط پارک کی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو لفٹرز کے ذریعے لفٹ کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا راولپنڈی کی مین شاہرائوں پر غلط پارکنگ کے خاتمے کے لئے سپیشل سکواڈ، موبائل سکواڈ ، لفٹرز اور خصوصی ٹیمیں غلط پارکنگ کے خلاف بھر پور طریقے سے قانونی کاروائی کر رہی ہیں اس کے علاوہ شہریوں کو پارکنگ قوانین اور دیگر قوانین سے متعلق بریفنگ دینے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلط پارکنگ سے گریز کریں اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار نے بتایاکہ راولپنڈی ٹریفک پولیس نے شہر کی مین شاہرائوں مری روڈ ، ایئر پورٹ روڈ ، اڈیالہ روڈ ، مال روڈ، کینٹ صدر، بنک روڈ، پشاور روڈ ، جوڈیشل کمپلیکس، راجہ بازار ، کمرشل مارکیٹ، صادق آباد ، اندرونِ شہر مارکیٹوں اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنانے کے لئے غلط پارکنگ ، ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری رکھا ہوا ہے سی ٹی او نے کہا کہ شہر میں کسی کو بھی غلط پارکنگ ، ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ ایریا میں گاڑی یا موٹر سائیکل کسی صورت پارک نہیں کرنے دی جائے گی لہذاء شہری خود ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ا س حوالے سے ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی گئیں ہدایات پر عمل کریں ۔