سکھر،موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کامیاب کاروائی ، گن پوائنٹ پر چھینی گئی 12 سے زائد موٹر سائیکلیں برآمد ، 3ملزمان گرفتار

جمعرات 10 مئی 2018 22:49

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) اے ایس پی سکھر کی موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کامیاب کاروائی ، گن پوائنٹ پر چھینی گئی 12 سے زائد موٹر سائیکلیں برآمد کرالیں، 3ملزمان گرفتار، سہولت کار کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری، ڈی آئی جی سکھر کی جانب سے کامیاب کاروائی پر اے ایس پی سٹی کے لئے ایک لاکھ نقد انعام کا اعلان، اے ایس پی شہریوں کے دلوں میں پولیس کے ٹوٹتے اعتماد کو جوڑنے کی امید بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل لوکل بورڈ گن پوائنٹ پر چھینی گئی موٹر سائیکل کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اے ایس پی سٹی نے واردات کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے خضدار سے آئے ہوئے بروہی برادری کے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے، اے ایس پی سٹی محمد عثمان معروف نے سی سیکشن تھانہ میں ایس ایچ او امجد مغل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل چوری ہونے کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد واردات کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی گئیں، جس کے بعد معلوم ہوا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بروہی برادری کے افراد شہر کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر موٹر سائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی سمیت چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ، جس میں بروہی برادری سے تعلق رکھنے والے شاہجھان بروہی اور سعید احمد بروہی کو گرفتار کرلیا گیا، جنہوں نے دوران تفتیش سکھر میں موجود سہولت کار عزیز ولد عرض محمد بروہی کے بارے میں بتایا جو دونوں ملزمان کی سہولت کا کام سرانجام دیتا تھا۔

(جاری ہے)

اے ایس پی نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان کے قبضے سی12 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں، جن میں 6 موٹر سائیکلیں اسٹیشن روڈ پر قائم ریلوے کے ایک کواٹر سے برآمد کی ہیں، گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ ایک کارندے کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملزمان نے دوران تفتیش یہ بھی بتایا کہ چھینی گئی موٹر سائیکلیں وہ شکارپور، خیرپور اور اندرون سندھ میں مختلف افراد کو بیچتے ہیں۔

اے ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان کی جانب سے اندرون سندھ میں خریدنے والے ملزم تنویر ولد فقیر محمد سومرو کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملزمان کا سہولت کارعزیز ولد عرض محمد بروہی ضلع کے مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب ہے۔دوسری جانب شہریوں کے دلوں میں پولیس کے اٹھتے یقین کو اے ایس پی سٹی محمد عثمان معروف کی کاروائی نے دوبارہ سے یقین میں تبدیل کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران جرائم پیشہ افراد کی شہر میں مختلف کاروائیوں پر سوائے دلاسوں اور ٹال مٹول کے کچھ نہیں کررہے تھے، اے ایس پی کی کاروائیوں سے لگتا ہے کہ ضلعی پولیس نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا شروع کردیا ہے۔ جبکہ ڈی آئی جی سکھر خادم حسین رند کی جانب سے اے ایس پی سٹی کی کامیاب کاروائی پر انہیں ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے اور روارڈ سمیت تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔