پشاور، قومی وطن پارٹی کی منشور صوبہ کی تعمیر و ترقی پر مبنی ہے،حاجی فخر زمان

قومیت کی بنا پر تمام پختونوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کی سماجی اور معاشی خوشحالی کے حصول اور آواز کو مزید موثر بناناہے، وائس چیئرمین قومی وطن پارٹی ضلع پشاور

جمعرات مئی 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے وائس چیئرمین حاجی فخر زمان نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی کی منشور صوبہ کی تعمیر و ترقی پر مبنی ہے اورقومیت کی بنا پر تمام پختونوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کی سماجی اور معاشی خوشحالی کے حصول اور آواز کو مزید موثر بناناہے۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم بے تحاشا صلاحیتوں اور اعلیٰ اقدار کی مالک ہیں لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ان کوہر دور میں نظر انداز کیاگیا۔

پارٹی کارکنوں کے ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی اتحاد اور اتفاق کیلئے کوشاں ہے اور جب تک پختون متحد نہیں ہوں گے تب تک ان کے مسائل کا حل ممکن نہیں ۔انھوں نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ بھٹورنے والی جماعت نے عوام کو مایوسیوں اور پریشانیوںکے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو باشعور اور سیاسی بصیرت رکھنے والی لیڈرشپ کی ضرورت ہے تاکہ وہ دانشمندانہ طور پر ان کے مسائل کو حل کرکے ان کو اندھیروں سے نکالے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی سیاست کا محور عوام ہے اور ان کے حقوق و تحفظ اور خوشحالی کیلئے پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انھوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں رابطہ عوام مہم تیز کردے اور اپنی تمام تر توانانیاں بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی پروگرام گھر گھر پہنچائے۔انھوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں عوام کی طاقت سے بھرپور کامیابی حاصل کرکے صوبہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جاری مشن کو مزید تقویت دیا جائے گا۔