سندھ میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے، کراچی سے بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، وزیر داخلہ سندھ

جمعرات 10 مئی 2018 22:54

سندھ میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے، کراچی سے بوری بند لاشیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ کراچی سے بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فورسز نے کامیاب کارروائیاں کیں۔

سندھ میں امن و امان سے متعلق صورتحال بہتر ہے۔ کراچی میں بہت عرصے بعد قیام امن ممکن ہوسکا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ رمضان میں پولیس کی تعیناتی تبدیل ہوتی رہے گی۔ سابق ایس ایس پی ملیر را انوار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ را انوار کے حوالے سے سندھ حکومت پر بہت الزامات لگے۔

(جاری ہے)

انکے کے خلاف انکوائری جاری ہے۔اگر وہ مجرم ثابت ہوتے ہیں تو انہیں سزا ضرور ملے گی سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ را انوار مجرم ثابت نہیں ہوتے تو انہیں دوبارہ تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شکار پور میں پولیس اہلکاروں کے خلاف نوٹس لیا گیا ہے۔ شکار پور میں 2 اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کر دیا گیا ہے۔سہیل انور سیال نے مزید کہا کہ کراچی میں بھتہ خوری، بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے تاہم امن و امان سے متعلق ابھی مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔