خواتین کے حقوق اور عزت و ناموس کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری اور مہذب معاشرے کی نشانی ہے،دردانہ صدیقی

اسلامی تہذیب ہی معاشرے ، خاندان اور عورت کی فلاح کی ضامن ہے،اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 مئی 2018 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) ویمن اینڈ فیملی کمیشن کا سہہ ماہی رپورٹنگ اجلاس جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین دردانہ صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہخواتین کی تکریم ان کے حقوق کی ادائیگی ان کی عزت و ناموس کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری اور مہذب معاشرے کی نشانی ہے۔

اسلام ایک جداگانہ تشخص کا حامل دین ہے اور اس کی ایک جداگانہ تہذیب ہے جو اپنے اندر ہرحوالے سے وسعت رکھتی ہے اور یہی وہ تہذیب ہے جو معاشرے ، خاندان اور عورت کی فلاح کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت خواتین کے حوالے سے پاکستانی معاشرے کی صورتحال انتہائی افسوس ناک نظر آتی ہے۔ مغربی ایجنڈے کے تحت معاشرے میں عورت کا کردار تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ مستحکم خاندانی نظام اور معاشرے کی بنیادوں اور قدروں کو متزلزل کیا جا سکے اس حوالے سے عورت کی تکریم ، خاندان کے استحکام، ماں کے کردار ، اولاد کی تربیت اور پاکستانی عورت کے سماجی ، معاشی ، معاشرتی ، قانونی ، تعلیمی اور طبی حقوق کی فراہمی کے لئے جدوجہد کرنا ہمارا فرض ہے اور اس مقصد کے لئے الحمدللہ ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان ان مسائل کے حل کے لئے دامے ، درمے سخنے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ کمیشن کے تحت کام کرنے والے اداروں کا دائرہ تمام صوبوں تک وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں کمیشن کے تحت کام کرنے والے شعبہ جات کی رپورٹس پیش کی گئیں اور کمیشن کے کاموں کاجائزہ لیا گیا اور مزید بہتری کے لئے مشورے دئے گئے۔اجلاس میں صدر ویمن اینڈ فیملی کمیشن ڈاکٹر رخسانہ جبیں اور اداروں کی نگراں نے شرکت کی۔