13مئی کو مینار پاکستان لاہور میں ہونیوالا جلسہ تاریخی ہوگا، مولانا راشد محمود سومرو

متحدہ مجلس عمل اسلام اور اسلام آباد کو ساتھ لیکر چلے گی،دنوں ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں

جمعرات 10 مئی 2018 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد سومرو نے کہا ہے کہ 13مئی کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والا ایم ایم اے کا جلسہ تاریخی اور اسلامی وخوشحال پاکستان کی طرف اہم پیش رفت ثابت ہوگا، جلسے میں شرکت کیلئے باب الاسلام سندھ بھر سے بھی سیکڑوں گاڑیوں کے قافلے کل سے لاہور روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج اپنے بیان میں کہا کہ متحدہ مجلس عمل اسلام اور اسلام آباد کو ساتھ لیکر چلے گی،دنوں ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں، یہی خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا اور تحریک پاکستان کے دوران پاکستان کا مطلب کیا لا الٰہ الہ اللہ کی نعرے کی بنیاد پر ملک قائم ہوا۔پاکستان کی بقا وسلامتی اقلیتوں کا تحفظ اور تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے سندھ بھر میں رابطہ عوام مہم شروع کررکھی ہے۔گذشتہ ماہ کراچی تا کشمور تنظیم سازی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، رمضان شریف میں بڑے پیمانے پر افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں عوام کو ایم ایم اے کا منشور پیش اور ایم ایم اے کے صادق وامین نمائندوں کو ووٹ دینے کی مہم چلائی جائے گی۔