کراچی میں کل 11 مئی سے خصوصی صفائی مہم شروع ہوگی

شہری سہولتوں کی فراہمی کے ذمہ دار تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے

جمعرات 10 مئی 2018 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) کراچی میں کل 11 مئی سے خصوصی صفائی مہم شروع کی جارہی ہے جس میں کراچی کے چھ اضلاع کی مختلف اہم بڑی شاہراہوں اور اطراف کے علاقوں کو صاف کرنے کے لئے شہری سہولتوں کی فراہمی کے ذمہ دار تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے، مہم کے دوران شہر کی وہ شاہراہیں، سڑکیں اور علاقے جو اس شہر کا چہرہ ہیں ان پر موجود ملبے، غیر استعمال شدہ گاڑیوں کے ڈھانچے، پرانے فرنیچر، مختلف اقسام کے تجاوزات، جھاڑیاں اور کوڑا کرکٹ کو اٹھایا جائے گا، شہر بھر میں اس صفائی مہم کی نگرانی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر کریں گے جبکہ مختلف اضلاع میں اس صفائی مہم کی نگرانی ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کریں گے، صفائی ستھرائی کے کاموں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر میونسپل کمشنر سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی، اس بات کا فیصلہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی صدارت میں کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں شہری سہولتوں کی فراہمی کے مختلف اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی، اجلاس میں ضلع غربی کے ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو، ضلع غربی کے میونسپل کمشنر اشفاق ملاح، ایس ایس پی سٹی شیراز نظیر، ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر نجیب، ایس ایس پی غربی کمانڈر شاہد حامد، ایس پی گڈاپ محمداعظم جمالی، اسسٹنٹ کمشنر اورنگی سید جہانگیر، اسسٹنٹ کمشنر مومن آباد محمد آصف، اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر منظور علی، اسسٹنٹ کمشنر بلدیہ / سائٹ عارف رضا، اسسٹنٹ کمشنر ماڑی پورمحمد سلیم احمد ، جنرل منیجر کے الیکٹرک امجد علی، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل مسرور میمن، ڈائریکٹر سینی ٹیشن زاہد اقبال،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اعجاز الحق، سینئر انجینئر ندیم عزیز، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ناصر خان، واٹر اینڈ سینی ٹیشن سائٹ ٹائون کے سید ظفر حسین قادری، سپرنٹنڈنٹ انجینئر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ غلام محمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع غربی محمد رمضان پولانی اور دیگر شریک تھے، اجلاس میں طے کیا گیا کہ اس صفائی مہم میں ہر وہ ادارہ جس کی حدود میں صاف کی جانے والی سڑکیں آتی ہیں وہ انہیں صاف کرنے کا ذمہ دار ہوگا اور کسی بھی طرح زمینی حدود کے معاملے پر ایک دوسرے پر کام کرنے کی ذمہ داری نہیں ڈالی جائے گی، اجلاس میں بتایا گیا کہ صفائی مہم میں پاکستان آرمی، نیوی اور کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر وفاقی ادارے کراچی پورٹ ٹرسٹ، پاکستان ریلوے، پاکستان شپنگ کارپوریشن، شہر کی چھ ضلعی میونسپل کارپوریشنز، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ہر ایک کی کوشش ہوگی کہ اس شہر کو صاف ستھرا کرنے کے ساتھ ساتھ اسے ہرا بھرا بھی کیا جائے، اجلاس میں طے کیا گیا کہ شہر کے مختلف مقامات پر سڑکوں پر لٹکتے اور جھولتے، بے ہنگم کیبل تاروں کو ترتیب میں لاکر اس طرح استعمال میں لایا جائے گا کہ شہر کی ظاہری خوبصورتی پر وہ اثر انداز نہ ہوں اور دیکھنے میں بھی برے نہ لگیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنرڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ اجتماعی طور پر اس صفائی مہم میں تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم سب اس شہر کی خوبصورتی کے لئے ایک پیج پر ہو کر کام کریں انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اس شہر کو خوب سے خوب تر بنائیں تاکہ یہاں آنے والے لوگ اس شہر کی خوبصورتی کی مثال پیش کریں انہو ں نے کہا کہ کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے جہاں ناصرف ملک کے دیگر حصوں سے لوگ آتے ہیں بلکہ دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اس شہر میں آتے ہیں لہٰذا ہمیں اس شہر کو اس معیار کا بنانا ہے کہ یہاں آنے والے اس کی خوبصورتی سے متاثر بھی ہوں انہوں نے کہا کہ یہ کام کرنے کا وقت ہے، ادارے جتنے مضبوط ہونگے ان کی کارکردگی بھی اتنی بہتر ہوگی انہو ں نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی چیز کام کرنے سے نہیں روکتی کام کرنے کے لئے جس عزم اور جذبے کی ضرورت ہوتی ہے وہ اداروں اور ان سے وابستہ افسران کے پاس موجود ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے تما م ادارے ایک پیج پر ہو کر جب کام کا آغاز کریں گے تو اس کے بہت بہتر اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے انہوں نے کہا کہ ہوم ورک جتنا اچھا ہوگا رزلٹ بھی اتنا اچھا آئے گا، ہم شہر کو صاف ستھرا کرکے اور مسائل حل کرکے اداروں پرشہریوں کا اعتماد زیادہ بہتر انداز میں بحال کرسکتے ہیں۔