ارجنٹائن سیالکوٹ میں تیار ہونیوالے فٹ بال، ہاکی اور کٹلری کا بڑا خریدار بن سکتا ہے، سفیر اون اونیس

پاکستان اور ارجنٹائن میں تجارتی وفود کے تبادلے پر زور

جمعرات مئی 23:06

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) پاکستان میں تعینات ارجنٹائن کے سفیر اون اونیسچ نے کہا ہے کہ ارجنٹائن سیالکوٹ میں تیار ہونے والے فٹ بال، ہاکی اور کٹلری کا بڑا خریدار بن سکتا ہے کیونکہ فٹبال اور ہاکی ارجنٹائن کے لوگوں کے پسندیدہ کھیل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سپورٹس گڈز ایسو سی ایشن اور سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت میں مقامی درآمدکنندگان اور برآمدکنندگان سے دوران خطابات کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن اور پاکستان کے مابین1947سے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں لیکن دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات حقیقی صلاحیت سے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے کسی بھی ملک کی ترقی میں اور معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلہ سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بعض سیکورٹی معاملات کے باعث ارجنٹائن کے بہت سے کاروباری اداروں کو پاکستان کا سفر نہیں کرسکے لیکن اب صورتحال آہستہ آہستہ بہتری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ارجنٹائن کو بھی پاکستان کی طرح انہی مسائل کا سامنا تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہو گئی۔انہوں نے تجویز دی کہ ارجنٹائن سمیت جنوبی امریکی ممالک میں پاکستانی سفیروں کو بھی ان کی وسیع مارکیٹوں میں پاکستان کی مصنوعات کو متعارف کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریبات میں سپورٹس گڈز ایسو سی ایشن کے چیئرمین حسنین چیمہ، صدرایوان صنعت وتجارت زاہد لطیف ملک ، نائب صدر چیمبر خواجہ عابد کے علاوہ وقاص اکرم و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :