قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم خان پی ٹی آئی میں شامل

جمعرات 10 مئی 2018 23:11

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) تورڈھیر صوابی سے قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کی موجودگی میں ایک بڑے جلسے میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا. جلسے سے وزیراعلی پرویز خٹک، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر، سینئر وزیر صحت شہرام خان ترکئی اور نئے شامل ہونے والے ایم پی اے عبدالکریم، تحصیل لاہور کے ناظم سہیل خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے عبدالکریم خان کا پی ٹی آئی میں خیرمقدم کیا اور کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بدولت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 2013میں تباہ حال صوبہ ملا، سکول موجود تھے مگر سہولتیں اور استاد نہیں تھے ہسپتال ، ادویات اور ڈاکٹرز نہیں تھے۔ سابقہ حکومتوں نے غریب کے بچوں کو معیاری تعلیم سے محروم رکھا۔

ہم نے تعلیم کا بجٹ 60ارب سے بڑھاکر 137 ارب سے زیادہ کیا 57 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے آخری دنوں میں لوگ حکمران جماعت سے بھاگتے ہیں جبکہ آج یہاں اور پورے ملک میں لوگ پی ٹی آئی جائن کررہے ہیں۔سیاسی جماعتوں نے پولیس اور تعلیم کو سیاسی مداخلت سے تباہ کیا تھا جبکہ ہم نے پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا۔