سپریم کورٹ نے گنا کے کاشتکاروں کومعاوضوں کی عدم ادائیگی کے کیس میں فرنٹیئر شوگرملزکی جانب سے کرشنگ نہ کرنے کی وجوہات جبکہ برادر شوگر ملز کے سابق اور موجودہ مالکان سے اس کی فروخت کی تفصیلات طلب کرلیں

جمعرات 10 مئی 2018 23:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے گنا کے کاشتکاروں کومعاوضوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے کیس میں فرنٹیئر شوگرملزکی جانب سے کرشنگ نہ کرنے کی وجوہات جبکہ برادر شوگر ملز سے کی فروخت کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے فرنٹیئر اور برادر شوگر ملز کی جانب سے کسانوں کو عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ دونوں شوگر ملوں نے رواں سال کرشنگ نہیں کی جبکہ دونوں ملز کے ذمے کسانوں کی سابقہ رقومات بھی واجب الادا ہیں، یہ بقایا جات کسانوں کوہر صورت میں ادا کرنا ہوں گے۔ سماعت کے دورا ن جسٹس اعجاز الاحسن نے برادر شوگرملز کے حوالے سے استفسار کیا کہ جب شوگر مل فروخت کی جارہی تھی تو کیا اس وقت واجبات کی ادائیگی کامعاملہ بھی طے ہوا تھا کہ واجبات نئی انتظامیہ نے دینا تھے یا ان واجبات کی ادائیگی سا بقہ مالکان کے ذمے تھی۔

(جاری ہے)

اس پر برادر شوگرملز کے وکیل عدالت کومطمئن نہ کرسکے۔ جس پرعدالت نے برادر شوگر مل کی موجودہ اور سابق انتظامیہ، دونوں کو طلب کر تے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرمیاں نشاط، ہمایوں رشید، اسلم بشیر اور میاں عمر ادریس وضاحت کیلئے ذاتی طورپر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہو ں اوراس ضمن میں جتنی بھی عدالتی کارروائی اب تک ہوئی ہے وہ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔