ماضی میں بلوچستان کی عوام سے مختلف خوشنما نعروں کے ذریعے مینڈیٹ لیا گیا لیکن ذاتی مفادات کا تحفظ کیا گیا ، بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد کرکے عوا م کے حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے،وزیر اعلی بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو

جمعرات 10 مئی 2018 23:20

ماضی میں بلوچستان کی عوام سے مختلف خوشنما نعروں کے ذریعے مینڈیٹ لیا ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) وزیر اعلی بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے کی عوام کو بلوچستان عوامی پارٹی کی پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے ،ماضی میں بلوچستان کی عوام سے مختلف خوشنما نعروں کے ذریعے مینڈیٹ لیا گیا لیکن ذاتی مفادات کا تحفظ کیا گیا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے مستعفی ہوکر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا اورکہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک گیر سیاسی جماعت کی بجائے لاہور تک محدود ہوچکی ہے بلکہ ن لیگ بلوچستان کی عوام کے مسائل حل کرنے سمیت دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی ہے اس لئے ہم نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کافیصلہ کیاہے انہوں نے کہاکہ جلد پارٹی کااجلاس بلا کر اس کے منشور کا باقاعدہ اعلان کیاجائے گا بلکہ بلوچستان عوامی پارٹی آئندہ عام انتخابات میں بھی بھرپور انداز سے حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کیپٹن (ر) عبدالخالق کو بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت پرمبارکباد پیش کی اور ان کے فیصلے کو وقت کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے کہاکہ ماضی میں صوبے میں برسراقتدار رہنے والی جماعتوں نے خوشنما نعروں کے ذریعے عوام سے مینڈیٹ ضرور حاصل کیا لیکن بعد میں ان کی طرز سیاست سے ثابت ہواکہ ان کی جدوجہد صرف ذاتی مفادات کے حصول کیلئے ہی تھا ۔

انہوں نے کہاکہ نہ صرف عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کئے گئے بلکہ پشتون بلوچ اور دیگر برادراقوام کو آپس میں دست وگریباں کیا گیا لیکن اب عوام باشعور ہوچکی ہے وہ بلوچستان عوامی پارٹی کی پلیٹ فارم سے روایتی سیاست سے بالاتر ہوکر صوبے اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کا کردار اور عوامی خدمات سے سب واقف ہے آنے والے انتخابات میں ہم صوبے کی عوام کی مدد سے بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ جلد پارٹی کااجلاس بلا کر اس کے منشور کا باقاعدہ اعلان کیاجائے گا بلکہ بلوچستان عوامی پارٹی آئندہ عام انتخابات میں بھی بھرپور انداز سے حصہ لے گی ۔