موجودہ حکومت کی مدت کے خاتمہ سے قبل فیصل آباد میں بین الاقوامی معیار کا جدید ایکسپو سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 10 مئی 2018 23:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے مطالبے پر موجودہ حکومت کی مدت کے خاتمہ سے قبل فیصل آباد میں بین الاقوامی معیار کا جدید ایکسپو سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضروری فنڈز اسی ماہ مختص کر دیئے جائیں گے۔ یہ بات کامرس اور ٹیکسٹائل کے وزیر مملکت حاجی اکرم انصاری نے جمعرات کو کامرس منسٹری میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ کے علاوہ کامرس، ٹیکسٹائل اور منصوبہ بندی کی وفاقی اور صوبائی وزارت صنعت، فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) اور پاکستان ایکسپو سنٹر کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

حاجی اکرم انصاری نے تمام وزارتوں سے کہا کہ وہ فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام کیلئے ابتدائی معاملات کو فوری طور پر نمٹائیں تاکہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت کے خاتمہ سے قبل باضابطہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے ساتھ ہی اس کیلئے وفاقی حکومت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضروری فنڈ بھی مختص کر سکے۔ شبیر حسین چاولہ نے بتایا کہ فیصل آباد ملک کا اہم ترین برآمدی شہر ہے۔

ملک کی ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں اس کا حصہ 55 فیصد سے بھی زائد ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی درآمدات اور برآمدات کا سلسلہ جاری ہے مگر یہاں بین الاقوامی سطح کی نمائشیں منعقد کرنے کیلئے ایکسپو سنٹر نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری طویل عرصہ سے اس کیلئے جدوجہد کر رہا ہے مگرا س پر بوجوہ عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

انہوں نے اس سلسلہ میں حاجی اکرم انصاری کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی وجہ سے ٹیکسٹائل پیکج جاری ہوا جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام سے یہاں بین الاقوامی سطح کی نمائشیں منعقد کی جا سکیں گی جس کی وجہ سے یہاں سے برآمدات میں مزید کئی گنا اضافہ ہو سکے گا۔

حاجی اکرم انصاری نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت نے اس مسئلے کو ترجیحی طور پر حل کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور توقع ہے کہ رواں مہینے کے دوران ہی فیصل آباد کی تاجر برادری اچھی خوشخبری سنے گی جس کے ساتھ ہی ایکسپو سنٹر کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے ایکسپو سنٹر کے قیام میں ذاتی دلچسپی لینے پر حاجی محمد اکرم انصاری کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور انھیں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔