ایس ای سی پی اور ون لنک کے مابین معاہدے پر دستخط

ایس ای سی پی صارفین کے لئے اے ٹی ایم اور انٹر نیٹ بینکنگ کے ذریعے فیسوں کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی

جمعرات 10 مئی 2018 23:35

ایس ای سی پی اور ون لنک کے مابین معاہدے پر دستخط
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان اور ون لنک (گارنٹی) لمیٹڈ کے مابین جمعرات کو ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے جس کے تحت ایس ای سی پی کے صارفین کے لئے اے ٹی ایم اور انٹر نیٹ بینکنگ کے ذریعے فیسوں کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت پاکستان میں نئے کاروبار کی بطور کمپنی رجسٹریشن اور بعد کے مراحل میں سہولت اور آسانی فراہم کرنے کے لئے کی جانے والی اصلاحات میں اہم سنگ میل ہے۔

ایس ای سی پی کے کمشنر طاہر محمود اور ون لنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نجیب آگرہ والا نے ایس ای سی پی کی صدر دفتر میں منعقد تقریب میں معاہدے پر دستخط کئے۔ تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر عہدے داروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طاہر محمود نے کہا کہ ایس ای سی پی نے نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کو آسان بنانے اور سرمایہ کاروں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کئی اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن سے ملک میں کارپوریٹ سکیٹر کے حجم میں اضافہ ہوا، کاروباری شعبے کی گورننس بہتر ہوئی اور ساتھ ساتھ معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں بھی معاون و مدد گار ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کی فیسوں کی ادائیگی کے لئے اے ٹی ایم یا آن لائن سہولت کی فراہمی سے کمپنیوں کی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے بعد کے کمپنی لا کے تقاضوں کو پورا کرنا بہت آسان ہوجائے گا۔ اس سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کا وقت مزید کم اور آسان ہو جائے گا۔ اس موقع پر ون لنک کے سی ای او نجیب آگرہ والا نے کہا کہ انہیں ملک میں ون لنک کے سسٹم کی ایس ای سی پی کی ای سروسز کے ساتھ انٹگریشن سے ملک کا مالیاتی انفرا سٹکچر ڈیجیٹل ہو جائے گا اور کارپوریٹ سیکٹر کے مزید فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ایس ای سی پی کی فیسوں کی آن لائن یا اے ٹی ایم سے ادائیگی کے مجوزہ نظام کے مطابق ون لنک سے منسلک بینک اپنے بِلنگ ما ڈیول میں ایس ای سی پی کا اضافہ کریں گے جس کے لئے ون لنک ضروری ڈیجیٹل انٹر فیس فراہم کرے گا۔ اس سسٹم کے آپریشنل ہونے کے بعد ایس ای سی پی کی ای سروسز میں رجسٹرڈ صارفین ایس ای سی پی کی فیس اپنے آن لائن اکاؤ نٹ یا اے ٹی ایم سے ادا کر سکیں گے۔