سید ولی شاہ آفریدی کا فاٹا کے مختلف پراجیکٹس کیلئے فنڈز ریلیز نہ کرنے پر تشویش کا اظہار

جمعرات مئی 23:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) فاٹا کے سینئر رہنما سید ولی شاہ آفریدی نے فاٹا کے مختلف پراجیکٹس اور اے ڈی پی کے منظور شدہ سکیموں کیلئے فنڈز ریلیز نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا مختلف منظور شدہ اے ڈی پی سکیموں کیلئے فنڈز ریلیز نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے فاٹا میں ترقی کا عمل رک گیا ہے لہٰذا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نوٹس لیں اور فاٹا کو مزید پسماندگی سے بچائیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا نے قبائلی علاقوں کے ساتھ مکمل امتیازی سلوک شروع کررکھا ہے، انہوں نے کہاکہ فروری میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اے ڈی پی کی منظوری دی لیکن تین ماہ گزرنے کے باوجود فنڈز ریلیز نہیں کئے جو کہ سراسر زیادتی اور ظلم ہے، قبائلی عوام کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے اور اس ضمن میں صدر مملکت اور وزیر اعظم کو تحریری طور پر آگاہ کریں گے کہ گورنر آخر خاموش تماشائی کیوں بنے ہوئے ہیں۔