چیف جسٹس آف پاکستان ایئرپورٹ ایمپلائیز ہائوسنگ سوسائٹی راولپنڈی پر ایکشن لیں اور مافیا کو بے نقاب کریں‘ڈاکٹر مراد راس

شہبازشریف آپ اور آپ کے ارد گرد اکٹھے درباری سب جھوٹ سے کام لیتے ہیں اورعوام کی آنکھوں دھول جھونک رہے ہیں‘پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد ہم قبضہ مافیا کا مقابلہ کریںگے ، تمام کمیٹیوں کو میرٹ پر کام کرنے کا پابند بنائیںگے‘پریس کانفرنس

جمعرات مئی 23:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر مراد راس نے کہاہے کہ میں قائمہ کمیٹی برائے کوآپریٹو کمیٹی کا چیئرمین تھااور میں نے استعفیٰ دے دیا ہے ، میری چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ وہ ائرپورٹ ایمپلائیز ہائوسنگ سوسائٹی راولپنڈی پر ایکشن لیں اور مافیا کو بے نقاب کریں ، بتانا چاہتا ہوںکہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں عوام کا پیسہ کس طرح ضائع ہو رہا ہے ،ایئرپورٹ ایمپلائیز ہائوسنگ سوسائٹی کے لوگ پچھلے 20 سالوں سے مصیبت میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، 8 ماہ سے ایئرپورٹ ایمپلائیز سوسائٹی راولپنڈی کیس پر میٹنگز چل رہی تھیں اس سوسائٹی پر ایک مافیا کا قبضہ ہے ، چیئرمین کی حیثیت سے اس کیس پر کئی دفعہ اجلاس بلانے کی کوشش کی مگر (ن) لیگ کے اسمبلی ممبران کی ملی بھگت سے اس کیس کو آگے بڑھانے میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے تھے ، تحریک انصاف کی حکومت آئی تو ان مافیا کا ڈٹ کرمقابلہ کیا جائے گااور ائرپورٹ سوسائیٹی سمیت ملک میں عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مراد راس نے عظمیٰ کاردار اور حماد اعوان ایڈووکیٹ کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام کے ٹیکسوں سے اسمبلی ممبران کو مراعات مل رہی ہیں، بتانا چاہتا ہوںکہ عوام کے پیسے کے ساتھ کیا ہوتا ہے ، سوسائٹی میں رہنے والوں سے 20 سال سے ظلم ہو رہا ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، 8 ماہ سے ائرپورٹ سوسائٹی کیس پر میٹنگ چل رہی ہیں مگر آج بتایا جا رہا ہے کہ اس سوسائٹی پر ایک مافیا کا قبضہ ہے ہم اس مافیا کے خلاف کچھ نہیں کرسکتے ، اس وجہ سے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کوآپریٹو سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

انہوں نے شہبازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر آپ اس ایشو کو پہلے اٹھاتے تو ایک ہفتے میں اس سوسائٹی کا مسئلہ حل ہو جاتا مگر آپ اور آپ کے کسی وفاقی وزیرنے اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف توجہ نہیںد ی اور آپ بھڑکیں اتنی بڑی بڑی لگاتے ہیں کہ ہم نے پنجاب کے تمام معاملات بہتر کردیئے ہیں ، شہبازشریف آپ اور آپ کے ارد گرد اکٹھے درباری سب جھوٹ سے کام لیتے ہیں اورعوام کی آنکھوں دھول جھونک رہے ہیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہاکہ عوام کے ٹیکس کے پیسے ضائع کرنے بند کریں، عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہمیں مراعات مل رہی ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد ہم قبضہ مافیا کا مقابلہ کریںگے اور تمام کمیٹیوں کو میرٹ پر کام کرنے کا پابند بنائیںگے۔