Live Updates

سید صمصام علی بخاری کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ،ملکی سیاسی اور پارٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 مئی 2018 23:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی اور پارٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف پنجاب سمیت پورے ملک سے کامیابی حاصل کرے گی اور ملک میں حکومت بنائے گی، نوازشریف کی نااہلی کے بعد(ن) لیگ کا مستقبل تاریک ہے ، نااہلی کارونا رونے والوں نے ملکی قرضوں میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی حکومت نے عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری کے تحفے دیئے ہیں، غریب عوام دووقت کی روٹی کو ترس رہی ہے جبکہ حکمرانوں کی عیاشیا ں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ، تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے اور عوام سمجھتے ہیں نوازشریف عوام کے لئے کچھ نہیں کرسکے ۔(ن) لیگ کی حکومت اشتہاروں میں نظر آتی اور گرائونڈ لیول پر زیرو ہے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ تحریک انصاف کو عوام کی طاقت سے جب بھی ملک کی خدمت کا موقع ملا تو چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیںگے ، تحریک انصاف عوام کو مہنگائی ،بے روزگاری اور بدامنی سے چھٹکارا دلائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات