اڈیالہ جیل میں شکیل آفریدی کو منتقل کیے جانے کے بعد ہنگامی ہلچل

پشاور جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے والے سی آئی اے کے ایجنٹ شکیل آفریدی کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنادیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 10 مئی 2018 22:02

اڈیالہ جیل میں شکیل آفریدی کو منتقل کیے جانے کے بعد ہنگامی ہلچل
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2018ء) اڈیالہ جیل میں شکیل آفریدی کو منتقل کیے جانے کے بعد ہنگامی ہلچل ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سیکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں فوری کئی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل کی سیکورٹی کو مزید سخت بنانے کی خاطر اڈیالہ جیل پر اینٹی ائیر کرافٹ گن بھی نصب کردی گئی ہے۔

حساس حالات کے پیش نظر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر کردیا گیا اور جیل کے باہر سیکیورٹی میں بھی غیر معمولی آضافہ کردیا گیا ہے۔ جیل پر اینٹی ائیر کرافٹ گن نصب کرنے کا عمل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ واضح رہے کہ شکیل آفریدی کو 27اپریل کو ہیلی کاپٹر سے پشاور کی جیل سے راولپنڈی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

شکیل آفریدی کو سیکورٹی خدشات کے باعث پشاور جیل سے ہنگامی طور پر اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا شکیل آفریدی کو رہا کروانے کیلئے پشاور جیل پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اسی باعث شکیل آفریدی کو ہنگامی طور پر پشاور جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ راولپنڈی میں سیکورٹی بھی ہائی الرٹ پر ہے۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ شکیل آفریدی کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کا ایجنٹ ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعدازاں اسے جیل کی سزا سنا دی گئی تھی۔