ڈوبتی ہوئی بلی کے جیسی آواز میں گانے پر ایک شخص ہمسائی کوعدالت لے گیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 10 مئی 2018 23:54

ڈوبتی ہوئی بلی کے جیسی آواز  میں گانے  پر ایک شخص  ہمسائی کوعدالت لے ..

نارویچ، برطانیہ میں عدالت نے   ایک خاتون کے اس کے اپنے گھر میں ہی گانا گانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔اس عورت کے خلاف اس کے ہمسایوں نے شکایت کی تھی۔ ہمسایوں کو شکایت تھی کہ یہ عورت اس طرح گانا گاتی ہے جیسے بلی ڈوب رہی ہو۔ انہوں نے گزشتہ سال مذکورہ خاتون کو اس کے گانا گانے کی وجہ سے عدالت میں پیش ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔
ایسٹرن ڈیلی پریس کے مطابق اس خاتون کو عدالت نے   گزشتہ دسمبر میں گانا گانے سے روک دیا گیا تھا ۔

وہ اتنی آواز میں گا سکتی ہے جو اس کے اپنے گھر تک ہی رہے ۔  اس عورت کے پڑوسیوں کا کہنا  ہے  کہ  عورت  نے اس پابندی کو کو ایک سال میں تین بار توڑا ہے۔
ایسٹرن ڈیلی پریس نے ایک گواہ کا حوالہ دیا جو اس خاتون کے گراؤنڈ فلور فلیٹ سے دو منزل اوپر رہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس گواہ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ہیڈ فون لگا کر ٹی وی دیکھ رہی تھی جب اس نے نیچے سے گانا گانے کی آواز سنی جو کہ گانا کم اور چیخ پکار زیادہ تھی۔



ڈیلی میل نے ایک دوسرے گواہ کا بھی حوالہ دیا جو اس خاتون کے گھر سے 40 میٹر دور رہتا ہے لیکن پھر بھی اس نے اس "موسیقی کے شور میں بے ڈھنگا گانے کی آواز سنی۔" اس شخص کا کہنا تھا کہ یہ آواز ایسی تھی جیسے کوئی بلی ڈوب رہی ہو۔ اس آدمی نے اپنے موبائل فون میں اس خاتون کے اونچی آواز میں گانے کی ریکارڈنگ کر لی تھی۔ ان میں سے ایک ریکارڈنگ کو باقاعدہ عدالت میں بھی سنایا گیا۔


مذکورہ خاتون کو سکون درہم برہم کرنے کی پاداش میں پابندی کا سامنا پڑا اور اس کے ناقابل  ضمانت  وارنٹ جاری کیے گئے۔
دو سال پہلے وانڈز ورتھ جنوبی لندن کی رہائشی برطانوی خاتون نے اپنے پڑوسیوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا کہ وہ "مصالحہ دار پکوان" پکاتے ہیں جس سے اشتہا انگیز خوشبوئیں اس کے سانس لینے میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں اور ان کے کھانا پکانے کے آٹھ گھنٹے بعد تک اسے تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔