رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ماہ رمضان کے دوران خاص طور پر سحروافطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 11 مئی 2018 00:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت رمضان پیکج سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں استحکام، سستے بازاروں کے قیام کے علاوہ عوام کو آٹے پر سبسڈی اور لوڈشیڈنگ میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری انڈسٹریز ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن جاوید اقبال شاہوانی اور چیف ایگزیکٹیو کیسکو عطاء اللہ بھٹہ بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اور مانیٹرنگ کمیٹی کو مزید متحرک اور فعال کیا جائے گا اور متعلقہ انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش، پھل اور سبزیوں کی قیمتوں پر نظر رکھے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ نے زخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ماہ صیام میں ضروری اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا نہ ہوسکے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کوئٹہ شہر سمیت دیگر اضلاع میں سستے بازاروں کے قیام کے سلسلے میں انتظامیہ دکانداروں کی معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان کے دوران خاص طور پر سحروافطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے جبکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی کمی لائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوسکیں۔

وزیراعلیٰ نے ماہ رمضان میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور اضلاع میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے فنڈز میں بھی اضافہ کی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ان کی قیمتوں کو بھی مستحکم رکھا جائے جبکہ سستے بازاروں میں معیاری اشیاء کی فروخت مناسب قیمتوں پر یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں مقامی انتظامیہ کو رمضان میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اپنی بساط کے مطابق جتنا ممکن ہوسکے اشیاء خوردونوش بالخصوص آٹے میں سبسڈی فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کیسکو حکام کو ہدایت کہ کہ صوبہ بھر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی لائی جائے اور سحروافطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔